لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انورنے سانحہ فیصل چوک مال روڈ کے پولیس شہداءکی آٹھویں برسی کے موقع پرڈی آئی جی کیپٹن (ر) سید احمد مبین شہید کی قبر پر حاضری دی،پھولوں کی چادر چڑھائی او شہداءکے بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی کی۔آئی جی پنجاب،ڈی آئی جی سید احمد مبین شہید کی رہائش گاہ پر گئے، والدہ اور دیگر اہلخانہ سے ملاقات بھی کی۔آئی جی پنجاب نے ڈی آئی جی کیپٹن ریٹائرڈ سید احمد مبین شہید کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈی آئی جی کیپٹن (ر)سید احمد مبین بہترین انسان اور پروفیشنل افسر تھے۔ملک و قوم اور پنجاب پولیس کیلئے سید احمد مبین کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے کہا کہ ملک و قوم کی حفاظت اورفرض کی راہ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنیوالے شہداءپولیس کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائیگا۔ پنجاب پولیس سانحہ فیصل چوک (چیئرنگ کراس) کے بہادر شہیدوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ دریں اثناءڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس کے ملازمین کے بچوں کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے احسن اقدام اٹھایا ہے جس کے تحت پنجاب پولیس اور پاکستان چلڈرن ہارٹ فاونڈیشن کے درمیان دل کے پیدائشی امراض میں مبتلا بچوں کے علاج معالجے کیلئے ایم او یو پر دستخط کرنے کے تقریب سنٹرل پولیس آفس پنجاب لاہور میں منعقد ہوئی۔تقریب میں میں مایہ ناز قومی کرکٹر و برانڈ ایمبیسیڈر فاونڈیشن مصباح الحق، سی ای او فرحان احمد اور آپریشنل ہیڈ ہارون اسلام موجود تھے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور سی ای او فاونڈیشن فرحان احمد نے ایم او یو پر دستخط کئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایم او یو کے تحت فاونڈیشن پولیس ملازمین کے دل کے پیدائشی امراض میں مبتلا بچوں کیلئے مالی اور لاجسٹکس سپورٹ فراہم کریگی۔محکمہ پولیس ملازمین کے پیدائشی امراض قلب میں مبتلا بچوں کے کیس فاونڈیشن کو بھجوائے گا۔پیدائشی امراض قلب میں مبتلا بچوں کا علاج پنجاب پولیس اور فاونڈیشن کے مشترکہ مالی تعاون سے کیا جائیگا۔فاونڈیشن متاثرہ بچوں کا علاج لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور ملتان کے 6 بہترین ہسپتالوں سے کروانے میں تعاون فراہم کرے گی۔پنجاب پولیس اور فاونڈیشن کی شراکت سے پیدائشی امراض قلب سے متعلق آگاہی مہم بھی شروع کی جائیگی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر میں تعاون فراہم کرنے پر نجی فاونڈیشن کے عہدیداران کا شکریہ ادا کیا۔آئی جی پنجاب نے وفد کے سربراہ کو پولیس سٹیشنز کی اپ گریڈیشن پر مبنی کتاب تھانے پنجاب دے پیش کی اور وفد کو سنٹرل پولیس آفس کے میوزیم، شہدا و غازی والزاور کانسٹیبلری لاوئج سمیت مختلف شعبوں کا دورہ بھی کروایا گیا۔
سانحہ مال روڈ کے پولیس شہداءکی آٹھویں برسی



















