ٹرمپ کا غزہ منصوبہ شرق اوسط میں تشدد کا باعث ہو گا:عرب لیگ

دبئی (مشرق نیوز) سینئر عرب حکام نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا غزہ پر قبضہ کرنے اور فلسطینیوں کو دوبارہ آباد کرنے کا منصوبہ جس کی عالمی سطح پر بہت زیادہ مذمت ہوئی ہے، انکلیو میں جاری نازک جنگ بندی کیلئے خطرے کا باعث ہو گا اور علاقائی عدم استحکام کو ہوا دیگا۔میڈیارپورٹس کے مطابق عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیط نے دبئی میں عالمی حکومت کے سربراہی اجلاس میں خبردار کیا کہ اگر ٹرمپ نے اپنے منصوبے کو آگے بڑھایا تو وہ شرقِ اوسط کو بحرانوں کے ایک نئے دور میں لے جانے کا باعث ہوں گے جس کے امن و استحکام پر نقصان دہ اثرات ہوں گے۔ابو الغیط نے کہاکہ اگر صورتحال دوبارہ عسکری طور پر شدت اختیار کر جائے تو (جنگ بندی)کی یہ تمام کوششیں ضائع ہو جائیں گی۔خلیج تعاون کونسل کے سیاسی و اقتصادی اتحاد کے سربراہ جاسم البدیوی نے ٹرمپ سے تقاضہ کیا کہ وہ خطے اور واشنگٹن کے درمیان مضبوط تعلقات کو یاد رکھیں۔انہوں نے کہاکہ لیکن اس کیلئے دینا اور لینا ہو گا، وہ اپنی رائے دیتے ہیں اور عرب دنیا کو اپنی رائے دینی چاہیے۔ وہ جو کہہ رہے ہیں، عرب دنیا اسے قبول نہیں کرے گی۔ابو الغیط نے کہا کہ 2002 میں پیش کردہ عرب امن اقدام کا نظریہ دوبارہ پیش کیا جائیگا جس میں عرب ممالک نے اسرائیل کو تعلقات معمول پر لانے کی پیشکش کی تھی جس کے بدلے فلسطینیوں کے ساتھ ریاستی معاہدہ اور 1967 میں قبضے میں لئے گئے علاقے سے مکمل اسرائیلی انخلا ہونا تھا۔