سرمایہ کارانڈسٹری لگائیں، کام کریں، ڈاکومینٹیشن بعد میں ہوگی،پنجاب کابینہ کافیصلہ

لاہور:(اپنے رپورٹر سے)سرمایہ کارانڈسٹری لگائیں، کام کریں، ڈاکومینٹیشن بعد میں ہوگی،پنجاب کابینہ کابڑا فیصلہ،30 ارب کے رمضان پیکیج اور 6 ہزار کانسٹیبل بھرتی کرنے سمیت دیگر اہم فیصلوں کی بھی منظوری دےدی۔

وزیراعلیٰ مریم نو از کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے 23 ویں اجلاس میں90نکات پر غور اور اہم فیصلے کیے گئے، صنعتوں کے فروغ کیلئے اہم فیصلہ کرتے ہوئے کہاگیا سرمایہ کار آئیں، انڈسٹری لگائیں، کام کریں، دستاویزی کارروائی بعد میں ہوتی رہے گی،اجلاس میں سپیشل اکنامک زون انڈسٹریل سٹیٹ، سمال انڈسٹریل سٹیٹ کیلئے ”زیرو ٹائم ٹو سٹارٹ پالیسی“کی منظوری دی گئی۔

مریم نواز نے کہا پنجاب میں صنعتکاروں کو بزنس کیلئے ہر قسم کی آسانی دینا چاہتے ہیں، جتنی انڈسٹری لگاسکتے ہیں لگائیں، فوری طورپر این او سی ملے گا،انڈسٹری لگانے کیلئے مشکل پراسیس کو آسان اور بزنس فرینڈلی بنائیں گے،اجلاس میں نگہبان رمضان پیکیج کیلئے 30ارب کی منظوری بھی دی گئی ،3 کروڑ افراد مستفید ہوں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہاپنجاب میں اگلے سال سے نگہبان رمضان پیکیج کا اے ٹی ایم کارڈ متعارف کرایا جائے گا،پہلی مرتبہ عوام کو لائنوں میں نہیں لگنا پڑے گا ،گھر بیٹھے 10ہزار روپے ملیں گے،کابینہ نے 5ہزار960 کانسٹیبل بھرتی کرنے ،ماس ٹرانزٹ سسٹم میں سپیشل افراد ، سینئر سٹیزن کیلئے مفت سفر کی سہولت سمیت مزید اہم فیصلے بھی کیے گئے، طلبہ کیلئے خصوصی سٹوڈنٹ ٹریول کارڈ متعارف کرانے کی تجویز پراتفاق کیا گیا ،وزیراعلیٰ مریم نوازنے ٹرام سروس شروع کرنے کیلئے پلان طلب کرلیا۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نوازنے گورنمنٹ پائلٹ ہائر سکینڈری سکول میں تاریخ کے سب سے بڑے سرکاری سکولوں کے منفرد سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شو”جشن سٹیم “کی تقریب میں شرکت کی اور 8 کٹیگریز میں جشن سٹیم کے فاتح طلبہ میں کیش انعامات تقسیم کئے، جشن سٹیم کی تقریب میں حافظ آباد، جھنگ ، ڈی جی خان اور ملتان کے طلبہ ، اساتذہ کو انعامات ملے، سکا¶ٹس نے پرجوش تالیاں بجا کروزیراعلیٰ مریم کا استقبال کیا۔

مریم نوازنے گاڑی سے اتر کر بچوں سے اظہار شفقت کیا ،سکول بینڈ بجانے والے طلبہ سے ہاتھ ملایا ،مریم نواز نے سائنس لیب کی اپ گریڈیشن، سرکاری سکولوں میں جدید آئی ٹی لیب بنانے، سپوکن انگلش ،کیریکٹر بلڈنگ کی کلاسوںکے اجراءاور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شو”جشن سٹیم“کے 1100 طلبہ کےلئے لیپ ٹاپ کا اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ نے طلبہ سے ملک کےخلاف کبھی قدم نہ اٹھانے کا عہد لیتے ہوئے خطاب میں کہاتھوڑی سی توجہ اور انویسٹمنٹ سے بچے دنیا فتح کر سکتے ہیں،چھوٹے بچوں کے بڑے خواب دیکھ کر خوشی ہوئی، بچوں سے کہتی ہوں خواب کا تعاقب کرنا کبھی ترک نہیں کرنا،طلبہ تعلیم پر توجہ دیں کسی کے بہکاوے میں آکر زندگی خراب نہ کریں، لیپ ٹاپ اور سکالر شپ پر بلوچستان، خیبرپختونخواو دیگر صوبوں کے بچوں کا بھی حق ہے،پوری کوشش کروں گی میرے بچوں کے خواب پورے ہوں، بطور وزیراعلیٰ جتنے بھی وسائل ہیںپنجاب کے بیٹے ،بیٹیوں پر نچھاور کروں گی، بچے کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے اپنے والدین اور ملکی ترقی و بھلائی کو سامنے رکھا کریں۔

علاوہ ازیں خواتین و لڑکیوں کے عالمی دن برائے سائنس پراپنے خصوصی پیغام میںمریم نواز نے کہاسائنس و ٹیکنالوجی کی دنیا میں خواتین کا کردار محض ضروری نہیں بلکہ ناگزیر ہے، ترقی کیلئے اپنی بیٹیوں کو جدید علوم اور آئی ٹی کی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہوگا،پنجاب حکومت خواتین اور لڑکیوں کو سائنسی و تکنیکی میدان میں آگے لانے کےلئے عملی اقدامات کر رہی ہے، اب پنجاب میں کسی بیٹی کا خواب وسائل کی کمی کے باعث ادھورا نہیں رہے گا۔