لاہور (خبر نگار )سرکاری ہسپتالوں کے پارکنگ سٹینڈز پر جاری اوور چارجنگ کے خاتمے کیلئے میٹروپولیٹن کارپوریشن تاحال موثر پالیسی بنانے میں کامیاب نہ ہو سکی،لاہور پارکنگ کمپنی اور ٹھیکیداروں کے آپسی گٹھ جوڑ کے بعد عوام سے من چاہے پیسے وصول کئے جانے لگے ہیں جبکہ ایم سی ایل کے انفورسمنٹ انسپکٹرز اوورچارجنگ کے خاتمے کی آڑ میں غیر قانونی کمائی پر حصہ وصول کرنے میں مگن دکھائی دینے لگے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق شہر میں نئے پارکنگ پوائنٹس کا قیام اور انہیں چلانے کا اختیار لاہور پارکنگ کمپنی جبکہ اوور چارجنگ اور غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز کے خلاف کارروائی کا اختیار میٹروپولیٹن کارپوریشن کے پاس ہے لیکن معلوم ہو اہے کہ لاہور پارکنگ کمپنی کے منیجر و اسسٹنٹ منیجرز اور ایم سی ایل کے انفورسمنٹ انسپکٹرز کے مالی مفادات یکساں ہونے کی وجہ سے ان کے درمیان باہمی رابطے انتہائی ہوچکے ہیں جس کے بعد ایم سی ایل نہ تو اوور چارجنگ کا مکمل خاتمہ چاہتی ہے اور نا ہی لاہور پارکنگ کمپنی ایم سی ایل کی سرپرستی میں چلنے والے غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز کی نشاندہی کر پارہی ہے، یہی وجہ ہے کہ صوبائی دارلحکومت کے سرکاری ہسپتالوں میں اوور چارجنگ عروج پر پہنچ چکی ہے۔ ”مشرق“ کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ایم سی ایل کے تمام انفورسمنٹ انسپکٹرز ایم او آر کی گرفت سے نکل چکے ہیں اور اوور چارجنگ پر تاحال قابو نہ پاسکنے کی بڑی وجہ شتر بے مہار انفورسمنٹ انسپکٹرز بتائے جارہے ہیں۔ ایم او آر کاشف جلیل کو مذکورہ انفورسمنٹ انسپکٹرز کی از سر نو تبدیلی کرکے نئے انسپکٹرز تعینات کرنے چاہئے تاکہ بے قابو حالات کو ٹھیک کیا جاسکے۔
لاہور پارکنگ کمپنی، ٹھیکیداروں کا گٹھ جوڑ، سرکاری ہسپتالوں کے سٹینڈز پر اوورچارجنگ



















