مائنس ون فارمولہ کامیاب بنانے میں چیف الیکشن کمشنر کا کردار کلیدی رہا،پی ٹی آئی

پشاور،راولپنڈی:(بیورورپورٹ)مرکزی سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے انکشاف کیا ہے پی ٹی آئی میںمائنس ون کا فارمولہ کامیاب بنانے میں چیف الیکشن کمشنر کا کردار کلیدی رہا۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا چیف الیکشن کمشنر کی جنوری میں مدت ملازمت ختم ہوگئی، وزیر اعظم نے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی بنانی ہے،چیف الیکشن کمیشن کا کردار متنازع اور مایوس کن رہا ،غیر آئینی اقدامات ہوئے،اعلیٰ عدلیہ نے بار بار چیف الیکشن کمشنر کے فیصلوں پر اعتراض اٹھایا، تاریخ میں ایسا کردار کسی چیف الیکشن کمشنر کا نہیں رہا،پی ٹی آئی نے چیف الیکشن کمشنر کےخلاف عمر ایوب کے ذریعے سپریم جوڈیشل کونسل میں شکایت جمع کرا دی ، الیکشن کمیشن نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف بطور پراسیکیوٹر کا کردار اداکیا۔

دوسری جانب ترجمان پی ٹی آئی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا یم این ایز، ایم پی ایز کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، کچھ بھی کر لیں، 8 فروری کو عوام باہرنکلیں گے،بانی کے حکم پر 8 فروری کو یوم سیاہ منایا جائے گا۔

دریں اثنا سینٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز نے اڈیالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا حکومت آج کمیشن بنائے مذاکرات میں شامل ہونگے، 8 فروری ایک ایسا دن ہے جس کو پاکستان کی سیاسی تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر دیکھا جائے گا۔