وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر تجاوزات کیخلاف مہم جاری ہے :کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر ساہیوال ڈویژن میں تجاوزات کے خلاف بھرپور مہم جاری ہے اور اب تک ڈویژن بھر کے228بازاروں میں سے175بازاروں سے تجاوزات ہٹادی گئی ہیں جن میں ضلع ساہیوال کے74میں سے52، ضلع اوکاڑہ کے101میں سے77اور ضلع پاک پتن کے53میں سے46بازار شامل ہیں۔ یہ بات کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے تجاوزات کے خلاف جاری مہم کی تفصیلات دیتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ مہم کے دوران 6042شٹرز ہٹائے گئے اور7570پکی تجاوزات کو گرایا گیا جبکہ291دوکانوں کو بھی سیل کیا گیا جن میں 152ضلع ساہیوال، 27ضلع اوکاڑہ اور112ضلع پاکپتن کی ہیں۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے مزید بتایا کہ واگزار کرائی گئی اراضی کا کل رقبہ 252کنال سے زائد ہے جن میں سے23کنال ضلع ساہیوال، 150ضلع اوکاڑہ اور79ضلع پاک پتن سے متعلق ہے اور اگر ان واگزار کرائی گئی جگہ کی مالیت کا اندازہ لگایا جائے تو یہ 11ارب روپے کے قریب بنتی ہے جو سالہا سال سے ناجائز تصارف میں تھی۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے اس مہم کو بے حد سراہا ہے اور یہ اپنے منطقی انجام تک جاری رکھی جائے گی۔دریں اثناءاپنے دفتر میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے پاکپتن بازار اور صدر بازار کو ماڈل بازار بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ دونوں بازاروں میں بجلی کے کھمبوں کو شفٹ کیا جائے،وال ٹو وال ٹف ٹائل لگائی جائے،خریداروں کے بیٹھنے کے لئے بینچز لگائے جائیں،ڈسٹ بن رکھی جائیں اور پلانٹرز بھی لگائے جائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ باقی بازاروں کی بھی بتدریج ری ماڈلنگ کی جائے تاکہ تمام کمرشل علاقے کو خوبصورت بنایا جاسکے۔انہوں نے بازاروں کی مکمل صفائی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں اندرون سوڑی گلی میں تجاوزات گرانے پر بھی غور ہوا اور کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے ہدایت کی کہ اس بازار سے بھی تجاوزات ختم کرائی جائیں۔بعد ازاںکمشنر شعےب اقبال سےد نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کےا اور تجاوزات کے خلاف جاری کاروائیوں کا جائزہ لےا۔ انہوں نے کہا کہ گرائی گئی تجاوزات کی جگہ سے فوری ملبہ اٹھاےا جائے اور صفائی کی جائے۔