عوام نے جلاو گھیراو کو مسترد کردیا،کشمیری عوام آزادی کا سورج جلد دیکھیں گے،مریم نواز

اہور:(اپنے رپورٹر سے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہاہے عوام نے جلاو گھیراو کی سیاست کو مسترد کردیا ، ملک میں آبادی بڑھ چکی ،سڑکیں چھوٹی ،تجاوزات کےخلاف آپریشن ضروری ہے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہااحتجاج کی پہلے بھی بہت کالیں آئیں ،عوام نے مسترد کردیا، آپ کی باتیں سن کر لگتا ہے میں نے کارکردگی کے میڈلز پہن لیے ،میڈیا ورکرز کےلئے اپنے دور حکومت میں بہت کچھ کرنا چاہتی ہوں، صحافیوں کےلئے اچھی ہاوسنگ کالونی ہونی چاہیے،میری رگوں میں کشمیری خون دوڑتا ہے، کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ ایک دن سچ بنے گا۔

دریں اثنا اپنے پیغام میں مریم نو از نے کہاکشمیری عوام آزادی کا سورج جلد دیکھیں گے،ہر پاکستانی کے دل میں کشمیر کی محبت لہو بن کر دوڑتی ہے، جانوں کا نذرانہ دے کر حق خودارادیت کی شمع روشن رکھنے والے کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں،کشمیری بہن بھائی 7دہائیوں سے بھارتی سفاکیت کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں، بھارتی بربریت نے جنت نظیر وادی کو جیل بنا دیا ، اقوام متحدہ و دیگر عالمی ادارے کشمیر میں جاری خونریزی ،انسانی حقوق کی پامال کےخلاف اپنا کردار ادا کریں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاجب تک مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ قراردادوں کے مطابق حل نہیں ہوتا پائیدار امن ایک خواب ہی رہے گا، تاریخ گواہ ہے ظلم کبھی زیادہ دیر نہیں ٹھہرتا، کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،پاکستان کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت ہر محاذ پر جاری رکھے گا، ہر عالمی فورم پر کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کرتے رہیں گے۔