مریدکے، نامعلوم افراد کی فائرنگ، سب انسپکٹر سمیت 2 افراد جاں بحق

لاہور، مریدکے (کرائم رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) مریدکے کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ کے بعد گاڑی کھائی میں گرنے سے لاہور سی آئی اے کے سب انسپکٹر سمیت 2افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ گاڑی کا ڈرائیور شدید زخمی ہو گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام سے رپورٹ طلب لی۔ڈی ا یس پی مریدکے غلام مرتضیٰ کے مطابق جاں بحق ہونے والے سب انسپکٹر مراتب علی سی آئی اے آرگنائزڈ کرائم یونٹ لاہور ہیڈکوارٹر میں تعینات تھے۔ وہ اپنے دوست ذکاءکے ہمراہ شیخوپورہ جا رہے تھے کہ مریدکے جی ٹی روڈ کے قریب نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔ گاڑی کے ڈرائیور نے جان بچانے کیلئے رفتار بڑھا دی تاہم گاڑی بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری ۔حادثے کے نتیجے میں سب انسپکٹر مراتب علی اور ان کے دوست ذکاءموقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ شدید زخمی ڈرائیور ایان علی شدید زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کئے۔ مریدکے صدر پولیس نے سب انسپکٹر مراتب جٹ کے بھائی بشارت جٹ کی مدعیت میں سات آٹھ حملہ آوروں کیخلاف قتل سمیت دیگر پانچ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی جبکہ مراتب جٹ اور اسکے ساتھی ذکااللہ کی ڈیڈ باڈی پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے سپرد کردیں۔ دوسری طرف ذرائع کے مطابق سی آئی اے سب انسپکٹر مراتب علی پر فائرنگ انویسٹی گیشن پولیس بادامی باغ نے کی۔پولیس ذرائع کے مطابق کانسٹیبل جمشید اور ارسلان، جو بادامی باغ لاہور میں تعینات تھے، کسی ملزم کی تلاش میں مریدکے گئے تھے۔ اس دوران سی آئی اے سب انسپکٹر مراتب علی اپنے دوست ذکااللہ کے ہمراہ سفر کر رہے تھے۔ابتدائی تفتیش کے مطابق انویسٹی گیشن ٹیم نے مشتبہ سمجھ کر گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تاہم مراتب علی نے اسے ڈاکوو¿ں کی کارروائی سمجھ کر گاڑی بھگا دی۔ اس پر کانسٹیبل جمشید اور ارسلان نے گاڑی پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں حادثہ پیش آیا۔ پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے بعد جب دونوں کانسٹیبلز کو معلوم ہوا کہ گاڑی میں موجود شخص سی آئی اے سب انسپکٹر ہے، تو وہ موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے مزید بتایا کہ مفرور کانسٹیبلوں اور ان کے ساتھی واصف کو جلد گرفتار کر لیا جائیگا۔دریں اثناءپولیس ذرائع کے مطابق واقعہ کی تحقیقات شیخو پورہ پولیس کررہی ہیں، جلد شواہد کو سامنے لایا جائے گا، جلد ملزمان کو گرفتار کر کے منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا۔