لاہور(خبر نگار) مقرر کردہ اوقات کار کے بعد شاہی قلعہ میں انٹری دینے نام پر سیاحوں کے ساتھ ساتھ والڈ سٹی اتھارٹی کو بھی لوٹے جانے کا انکشاف ہوا ہے، سرکاری اوقات کے مطابق مغرب سے قبل ٹکٹ کاﺅنٹر بند ہوجاتا ہے مگر کاﺅنٹر بند ہونے کے بعد بھی شہریوں کو داخلے کی سہولت فراہم کرتے ہوئے روزانہ ہزاروں روپے کی آمدن ناجائز طور پر اکٹھی کرلی جاتی ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر والڈ سٹی اتھارٹی بلال طاہر کی سرپرستی میں سرکاری اوقات ختم ہونے کے بعد بھی سیاحوں کی آڑ میں ادارے کے ریونیو پر شب خون مارا جارہا ہے۔ تاہم اس حوالے سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ شاہی قلعہ کے داخلی راستے پر آویزاں بورڈ جس پر اوقات کار اور ٹکٹ فیس سے متعلق اہم معلومات تحریر تھیں کو اتار پھینکا گیا ہے تاکہ ناجائز کمائی کو دوام بخشا جاسکے۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ اپنی سابقہ تعیناتی کے دور میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے ماضی میں شاہی قلعہ کے اندر شادی فنکشن کروا کے اپنے اختیارات سے تجاوز کرنے کی کوشش بھی کی تھی تاہم مذکورہ معاملے کی ایف آئی آر درج ہونے کے بعد بلال طاہر سے شاہی قلعہ کی ذمہ داریاں واپس لے لی گئی تھیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ مذکورہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی شاہی قلعہ کے پرکشش عہدے پر دوبارہ تعیناتی میں ماموں ڈائریکٹر ایڈمن شاہد ندیم کا ہاتھ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تین ماہ قبل بھی ہسٹری بائی نائٹ کی آڑ میں شادی فنکشن کروایا گیا جس میں اندرون و بیرون ملک سے سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔
تاریخی شاہی قلعہ میں سیاحوں اور والڈ سٹی اتھارٹی کو لوٹے جانے کا انکشاف



















