پہلے کمیشن کا قیام پھر مذاکرات ہوں گے: پی ٹی آئی،28 جنوری کو بتا دیں گے: عرفان صدیقی
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پی ٹی آئی نے مذاکرات کے چوتھے راونڈ میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کردیا،اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی کی مذکراتی کمیٹی کے رکن عمر ایوب نے کہا ہے پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی نے مذاکرات کے چوتھے راونڈ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، مذاکرات کے چوتھے راونڈ سے قبل جوڈیشل کمیشن کا قیام ضروری ہے اور جب تک جوڈیشل کمیشن کا قیام عمل میں نہیں لایا جاتا چوتھے مذاکراتی راونڈ میں نہیں بیٹھیں گے،بانی پی ٹی آئی کی واضح ہدایات ہیں، حکومت جوڈیشل کمیشن نہیں بناتی تو مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں لہٰذا ہم حکومت کے ساتھ چوتھے مذاکراتی راونڈ میں نہیں بیٹھیں گے،حکومت کے ساتھ تیسرا مذاکراتی راونڈ مکمل ہوگیا ، حکومت نے کہا تھا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائیں گے، ہم بار بار پوچھ چکے ہیں مگر حکومت ملاقات کرانے میں ناکام ہے، القادر ٹرسٹ کیس ایک بھونڈا کیس ہے، اس وقت جوڈیشری پر دباو ہے، فیصلہ کٹھ پتلی عدالت نے سنایا ہے، پی ٹی آئی رہنما علی ظفر نے کہا ہے حکومت کو تحریری مطالبات دے دیئے ، جواب کیلئے7 دن ہیں، القادر ٹرسٹ کے معاملے میں این سی اے نے شک کی بنیاد پرانکوائری شروع کی، این سی اے نے پیسے کو ڈی فریز کر دیا، یوکے قانون کے مطابق اگر پیسہ چوری کا ہو تو ڈی فریز نہیں ہو سکتا،مزید بر آں حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے کنوینئر سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے پی ٹی آئی کو 28 جنوری کو تحریری جواب دے دیں گے، 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن کے بننے یا نہ بننے کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا، حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ممبران کا سپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر میں اجلاس ہوا،اجلاس کے بعد حکومتی کمیٹی کے ترجمان عرفان صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اپوزیشن کے مطالبات پر تفصیلی طور پر قانونی رائے بھی لی گئی ہے، حکومتی کمیٹی کی مشاورت آج اور جمعہ کو بھی ہو گی،پی ٹی آئی کو 28 جنوری کو تحریری جواب دے دیں گے، جوڈیشل کمیشن کے بننے یا نہ بننے کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا،مشاورت کا عمل جاری رہے گا، بہت سے معاملات زیر غور آئیں گے،حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رکن اعجاز الحق نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا میٹنگ میں خط پر غور کیا ہے،قانون معاملات کو بھی دیکھا ہے، امید ہے 7 ورکنگ ڈے ختم ہوں گے تو میٹنگ بلا لی جائے گی۔



















