نارووال (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ خود کو مسٹر کلین کہنے والا ملکی تاریخ کے سب سے بڑے ڈاکے کا مجرم نکلا۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی سزا کو دفاع کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہی عمران خان کل تک میرے اور ہماری قیادت کے خلاف جلسے جلسوں چوکوں میں چور ڈاکو کے نعرے لگواتا تھا جن کیسوں میں ہمیں چور اور ڈاکو کہتا تھا ان کیسوں میں ہم باعزت بری ہوئے اور نعرے لگانے والا خود 14 سال سزا کا سزاوار ٹھہرا اور پاکستانی سیاست کا میگا کرپٹ لیڈر ثابت ہوا۔ احسن اقبال نے کہا کہ سب سے زیادہ افسوس اس بات سے ہے بانی پی ٹی آئی نے اپنی سیاست کی بنیاد کرپشن کارڈ کو بنایا پورے ملک کے اندر احتساب کے نام پر تحریک شروع کی اپنے تمام مخالفین کو چور ڈاکو القابات سے نوازا لیکن القادر کیس نے اس لیڈر کی میگا کرپشن کا ناقابل تردید دستاویزی ثبوت فراہم کر دیئے، پی ٹی آئی کے لوگ اس براڈ ڈے لائٹ رائبری جو دن دیہاڑے پاکستان کے خزانے پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے اس کی مذمت کرنے بجائے یا اس پر ندامت کا اظہار کرنے کی بجائے بڑے ڈھائی سے اس چوری اور ڈاکے کا دفاع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کھبی وہ اسے خیراتی ادارے کے نام پر ڈیفنڈ کرتے ہیں کھبی وہ اس چوری اور ڈاکے کو اینٹی اسٹیبلشمنٹ بیانئے سے دفاع کرنے کی کوشش کرتے ہیں اس کیس کے حقائق بہت سادہ سیدھے ہیں اور اس بات کا ناقابل تردید ثبوت ہے کہ 190 ملین جن مالیت 64 ارب روپے بنتی ہے وہ برطانیہ کی ”نیشنل کرائم ایجنسی“نے حکومت پاکستان کو سرکاری خزانے میں جمع کرنے کیلئے دیئے لیکن وہ سرکاری خزانے میں جمع کرنے کی بجائے ملک ریاض جو پراپرٹی ٹائیکون ہے اور عمران خان کے فنانسر ہیں ان کے اس اکاونٹ میں جمع کرایا گیا جو سپریم کورٹ نے جرمانے کی ادائیگی کیلئے کھولا تھا یوں وہ پیسہ جو ملک ریاض سے لندن میں منی لانڈرنگ کے جرم میں ضبط ہوا، اس کالے دھن کو عمران خان نے پاکستان میں انہیں لوٹا دیا اور اسے سفید دھن بنانے میں مدد دی۔ یہ ایک طرف سرکاری خزانے کی چوری تھی اور دوسری طرف منی لانڈرنگ کا بدترین جرم ہے۔ تیسری اہم بات یہ ہے کہ انہوں نے اس چوری کے پیسے سے ایک ٹرسٹ کے نام پر زمین لیکر ایک ادارہ بنانے کا ناٹک رچایا تاکہ وہ اس یونیورسٹی اور ٹرسٹ کے نام پر اس چوری پر پردہ ڈال سکیں۔ اب پی ٹی آئی کہتی ہے کہ وہاں سیرت النبی کی تعلیم دی جاتی تھی میں سمجھتا ہوں اس سے زیادہ گستاخی نہیں ہو سکتی نبی پاک کی سیرت کو پڑھانے کیلئے ملک کے اندر بہت سے ادارے موجود ہیں بنی پاک کو ماننے والے حلال کے پیسوں سے اربوں روپوں کے ادارے قائم کر سکتے ہیں ہمیں آپ کی سیرت کو پڑھانے کیلئے چوری اور ڈاکے کے پیسوں کی ضرورت نہیں ہے، کوئی شخص 64 ارب روپے کا ڈاکہ ڈالے اس میں سے ایک ارب یا 50 کروڑ سے مسجد بنا دے اور وہ کہے کہ چونکہ میں نے مسجد اور ادارہ بنا دیا ہے کہ میری چوری اب حلال ہو گئی ہے کیا وہ حلال ہو گی وہ حرام ہی رہے گی ملک ریاض کیلئے منی لانڈرنگ کرتے ہوئے کالے دھن کو سفید بنانے میں مدد کی اور اس کے بدلے مراعات حاصل کیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ 28 جولائی 2022ءکو فنانشل ٹائمز نے یہ سٹوری کی کہ عمران خان نے عطیات کے پیسوں کو اپنی سیاسی مہم کیلئے استعمال کیا ہے۔ ڈیڑھ سال ہو گئے ہیں عمران خان نے فنانشل ٹائمز کو کوئی قانونی نوٹس نہیں دیا نہ کوئی قانونی چارہ جوئی کی ہے اسلئے کہ انہیں پتہ ہے کہ اگر انہوں نے اس پر اگر کوئی قانونی چارہ جوئی کی تو برطانیہ کی عدالت سے نوٹس مل جائے گا لہٰذا یہ المیہ ہے جو شخص خود کو سیاست میں خود کو مسٹر کلین کہتا تھا وہ پاکستان کے اندر تاریخ کے سب سے بڑے سیاسی ڈاکے کا مجرم نکلا ہے۔
خود کو مسٹر کلین کہنے والا ملکی تاریخ کے سب سے بڑے ڈاکے کا مجرم نکلا: احسن اقبال



















