جاپانی سرمایہ کاروں کوہر ممکن سہولت اور تحفظ فراہم کرینگے،وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور: (اپنے رپورٹر سے)جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئیچی کی ملاقات ،وزیر اعلیٰ مریم نوازنے دورہ جاپان کی دعوت قبول کرلی، ملاقات میں باہمی تعلقات، تجارتی تعاون ،مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ پر زور اوردونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے کےلئے نئے راستے تلاش کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیاگیا۔

مریم نواز نے 2022 کے سیلاب کے دوران جاپان کی معاونت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاپاکستان جاپان کےساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے،دونوں ممالک کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات موجود ہیں، جاپان نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، جاپانی حکومت اور عوام کے شکرگزار ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہاجاپانی سرمایہ کاروں کےلئے پنجاب میں ہر ممکن سہولت اور تحفظ فراہم کیا جائے گا، زراعت، معدنیات، آئی ٹی، اے آئی، روبوٹکس اور توانائی شعبوں میں جاپان کےساتھ تعاون چاہتے ہیں ، جاپانی سفیر نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح کے اقدامات کو سراہا۔