حفاظتی ضمانت ،فضل الرحمن تمہاری سیاسی حیثیت عمران کے مقابلے جتنی نہیں:گنڈا پور

پشاور،اسلام آ باد: (بیورورپورٹ)وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کی 3ہفتوں تک حفاظتی ضمانت منظور،عدالت نے گرفتاری سے روکدیا۔

چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ اشتیاق ابراہیم اور جسٹس وقار احمد نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، علی امین گنڈاپور کے وکلاءاور ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا وفاقی حکومت سے مذاکراتی میٹنگ کیلئے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور اسلام آباد گئے ہیں،پیش نہیں ہو سکتے اس لئے حاضری سے استثنیٰ درخواست دائر کی گئی،پشاور ہائیکورٹ نے علی امین گنڈاپور کی 3 ہفتوں تک حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے سماعت 11 فروری تک ملتوی کر دی،عدالت نے درخواست گزار کو کسی بھی درج مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم بھی دیا۔

مزید برآں وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا فضل الرحمن تمہاری سیاسی حیثیت عمران خان کے مقابلے جتنی نہیں ۔

مذاکراتی اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گنڈا پور نے کہا اگر کہیں ملاقاتیں ہو رہی ہیں اور مثبت پیش رفت ہو رہی ہے یہ اعتماد قائم ہوا ہے تو ہی سب ہو رہا ہے، مولانا کو خیبر پختونخوا کے انتخابات پر اعتراض ہے تو آئیں حلقے کھول لیتے ہیں، مولانا صاحب آپ کے ساتھ دھوکہ ضرور ہوا ہے جو وعدے ہوئے تھے وہ پورے نہیں ہوئے اگر کوئی بیانات دے گا تو بطور وزیراعلیٰ جواب دوں گا جنہوں نے آپ کےساتھ دھوکہ کیا ہے ان کا نام لیں ہمارے اوپر بات نہ کریں۔