ویژن سے محروم حکمران ٹولہ صرف لوٹ مار میں مصروف ہے: حافظ نعیم الرحمن

لاہو ر (اپنے نمائندے سے) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ویژن سے محروم حکمران ٹولہ صرف لوٹ مار میں مصروف ہے، حکومتی اقدامات اور بعض عناصر کے پروپیگنڈہ سے ملک کا نوجوان مایوس ہو رہا ہے، وسائل کا رخ عوام کی طرف موڑا جائے تو پاکستان چند سالوں میں ترقی کرجائیگا، صرف آئی ٹی کے شعبہ پر توجہ دینے سے آئی ٹی ایکسپورٹ موجودہ 3.2ارب ڈالر سالانہ سے 10ارب ڈالر سالانہ ہو جائے گی، حکومت عوام کو کچھ دینے کیلئے تیار نہیں، 77برسوں سے مافیا ملک پر مسلط ہے، 1994ءسے تمام حکومتیں آئی پی پیز کو نواز رہی ہیں، چند آئی پی پیز مالکان کو کپیسٹی چارجز کی مد میں اور ٹیکسوں سے استثنیٰ قرار دے کر سالانہ تین ہزار ارب تک دیے جا رہے ہیں، حکمران اشرافیہ سے وسائل چھین کر عوام کو ان کا وارث بنائیں گے، 17جنوری کو مہنگی بجلی اور آئی پی پیزکے خلاف ملک گیر مظاہرے ہوں گے۔ نوجوان الخدمت بنو قابل پروگرام کے ایمبیسڈر بنیں، 23فروری کو لاہور میں مفت آئی ٹی کورسز کے دوسرے فیز کا آغاز ہو گا، چاہتے ہیں آئندہ دو سال میں پنجاب میں دس لاکھ بچوں کو کمپیوٹر کورسز کروائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپو سنٹر میں الخدمت پاکستان کے زیراہتمام ”بنوقابل“ پروگرام کے تحت کورسز مکمل کرنے والے طلبا و طالبات میں اسناد اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ، صدر الخدمت وسطی پنجاب اکرام سبحانی، صدر الخدمت لاہور انجینئر احمد حماد رشید، ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن بنوقابل عمیر ادریس اور ایگزیکٹو ڈایکٹر بنو قابل سلمان شیخ بھی موجود تھے۔ امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی یکساں نظام اور یکساں نصاب کی بات کرتی ہے۔ حکومتوں کی ذمہ ذاری ہے کہ عوام کے لیے معیاری اور مفت تعلیم کا بندوبست کریں، حکومت عوام کو سہولت دیتی ہے تو یہ احسان نہیں ان کا حق ہے، عوام کو خیرات نہیں ان کا حق چاہیے، جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ عوام اور خصوصی طور پر نوجوانوں میں ان کے حقوق سے متعلق آگاہی پیدا کرنی ہے، اس کے لیے ملک کے طول و عرض میں جدوجہد جاری ہے، اس جدوجہد کے ساتھ ہمارا یہ بھی فیصلہ ہے کہ اپنے تئیں بہتری کے لیے کوششیں بھی کریں گے، انہی کوششوں میں سے ایک بنو قابل پروگرام ہے، اس پروگرام کا آغاز کراچی سے کیا اور شہر میں پچاس سے زائد کیمپسز کے ذریعے طلبا و طالبات کو مفت آئی ٹی کورسز کروائے، کراچی کے بعد یہ سلسلہ چاروں صوبوں میں شروع کر دیا گیا ہے، اندرون سندھ اور بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں بھی جا رہے ہیں، کے پی اور پنجاب بھر میں بھی بلاتفریق بچوں کو مفت کورسز کروانے کا سلسلہ شروع کر دیا۔ ملک میں 80فیصد یعنی 20کروڑ افراد چالیس سال کی عمر تک کے ہیں، پاکستان نوجوانوں کا ملک ہے، انھیں مایوس نہیں ہونے دیں گے، ملک کا مستقبل سنواریں گے۔ دریں اثنا الخدمت فاو¿نڈیشن بنو قابل پروگرام کے سیشن 2024 کی گریجویشن سرمنی کا انعقاد کیا گیا۔ آئی ٹی سمیت دیگر جدید کورسز مکمل کرنے والے ہزاروں طلباءکیلئے ایکسپو سنٹر لاہور میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ مہمان خصوصی امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن تھے۔ تقریب کے دوران مہمان خصوصی نے کورس مکمل کرنے والے طلبہ وطالبات میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے، کورسز کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباءکو مفت لیپ ٹاپ دئیے گئے۔