کوڑاکرکٹ کو جدید طریقوں سے ٹھکانے لگایا جائے گا:کمشنر ساہیوال

ساہیوال: (بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے شہر کےلئے لینڈ فل سائٹ کی تعمیر فوری شروع کرنے کی ہدایت کردی، لینڈفل سائٹ سے کارپوریشن کا ایک دیرینہ مسئلہ حل ہوگا اور شہر سے روزانہ پیداہونے والا کوڑاکرکٹ جدید طریقوں سے ٹھکانے لگایا جا سکے گا۔ انہوں نے یہ ہدایت اپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد، پسپ پروگرام کے سٹی منیجر اسجد خان سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

شعیب اقبال سید نے عارف والا روڈ اور پاک پتن روڈ سے بھی تجاوزات ختم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ریڑھی بانوں کو متبادل جگہ ضرور فراہم کی جائے تاکہ ان کا روزگار متاثر نہ ہو،کمشنر نے دن کے اوقات میں دیپالپور بازار میں بڑی گاڑیوں خصوصاً لوڈرز کا داخلہ بند کرنے کےلئے بازار کے دونوں اطراف بیئررز لگانے کی ہدایت کی، کمشنر ساہیوال نے کہا دھند کے موقع پر شہر کے تمام بڑے چوکوں میں لگائی گئی لائٹس کو چالو رکھیں تاکہ شہریوں کو پریشانی سے بچایا جا سکے، انہوں نے پسپ پروگرام کے رکے ہوئے کاموں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ٹھیکیداروں کےخلاف کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کی۔

دوسری جانب ڈی پی او ساہیوال فیصل شہزاد، ڈپٹی کمشنر پاکپتن سعدیہ مہر اور ڈی پی او پاک پتن طارق ولایت کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا، کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید اور آرپی او محبوب رشید مہمان خصوصی تھے، تقریب میں ڈپٹی کمشنر ساہیوال شاہد محمود، ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید، ڈی پی او ساہیوال رانا طاہر رحمان، ایڈیشنل کمشنر کوارڈی نیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز عقیل اشفاق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اعتزاز اسلم مارتھ اور اسسٹنٹ کمشنرز رانا اورنگزیب، وحید حسن گوندل، رائے فیصل عمران اور نعمان قیصر بھی شریک تھے، کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید اور آرپی او محبوب رشید نے ٹرانسفر ہونےوالے تینوں آفیسرز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اعلیٰ انتظامی صلاحیتوں کو سراہا،تینوں افسران نے بھرپور تعاون پر کمشنر اور آرپی او کا شکریہ ادا کیا، بعدازاں ڈی پی او ساہیوال فیصل شہزاد، ڈپٹی کمشنر پاکپتن سعدیہ مہر اور ڈی پی او پاکپتن طارق ولایت کو تحائف دےکر ساہیوال سے رخصت کیا گیا۔