لاہور (خبرنگار) سیکرٹری بورڈ محکمہ بلدیات پنجاب کی جانب سے ماتحت خاتون افسر کو ہراساں کئے جانے کی درخواست پر خاتون محتسب اعلیٰ پنجاب نے سماعت مقرر کرلیں۔ خاتون محتسب اعلیٰ پنجاب نے کل منگل کے روز سماعت کیلئے دونوں پارٹیوں کو نوٹس جاری کردئیے تاہم اس سے قبل 2 جنوری کو ہونے والی سماعت پر سیکرٹری بورڈ پیش نہ ہوسکے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ خاتون افسر کی جانب سے دی جانے والی ہراسانی کی درخواست کے بعد سیکرٹری بورڈ رضوان نذیر نے مبینہ طور پر منفی ہتھکنڈوں کا سہارا لینا شروع کردیا ہے اور چند روز قبل خاتون افسر مہوش نعیم کے دفتر کا سارا ریکارڈ ہتھیا لیا گیا، اس سے قبل بھی تقرری کے منتظر او ایس ڈی افسر امین مغل کو خاتون افسر کی انکوائریاں سونپ کر یکطرفہ فیصلہ سنانے کی ہدایت کی گئی تھی، حالانکہ خاتون افسر نے امین مغل کے منفی عزائم سے محکمے کو پہلے ہی آگاہ کررکھا تھا اور اپنی انکوائریاں کسی اور افسر کے سپرد کرنے کی درخواست بھی دے رکھی تھی لیکن معلوم ہوا ہے کہ سیکرٹری بورڈ رضوان نذیر نے امین مغل کی انتقامی گفتگو اور مشوروں سے متاثر ہونے کے بعد خاتون افسر کیخلاف محاذ کھولنے کا فیصلہ کیا تھا۔
سیکرٹری بورڈ محکمہ بلدیات کے منفی ہتھکنڈے، دفتر کا سارا ریکارڈ ہتھیالیا



















