ہیڈ منی والے اشتہاریوں کی سرکوبی کیلئے اقدامات میں تیزی لائی جائے:آئی جی

لاہور:(کرائم رپورٹر)آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس لاہور میں اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں سنگین جرائم میں ملوث خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری کے اہداف کا جائزہ لیا گیا، ایڈیشنل آئی جی انوسٹی گیشن پنجاب اظہر اکرم، ڈی آئی جی آپریشنز وقاص نذیر، اے آئی جی آپریشنز اور اے آئی جی مانیٹرنگ سمیت سینئر افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔

ڈاکٹر عثمان انور نے ہیڈ منی والے اشتہاری مجرمان کی سرکوبی کےلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ٹاپ ٹین لسٹوں کے اشتہاری مجرموں کی گرفتاری یقینی بنانے کےساتھ ساتھ ریڈ بک میں شامل مفرور اشتہاریوں کی گرفتاری کےلئے ایف آئی اے اور انٹرپول سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں سے روابط کو بڑھایا جائے، بلیک بک میں شامل مفرور اشتہاریوں کی گرفتاری کےلئے انوسٹی گیشن، آپریشنز ونگز اور آرگنائزڈ کرائم یونٹ مشترکہ لائحہ عمل اپنائیں جبکہ سنگین جرائم کے اشتہاریوں کی گرفتاری کےلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رکھے جائیں، سنگین جرائم میں ملوث خطرناک اشتہاری مجرمان کو گرفتار کرنے والی ٹیموں کو ریوارڈ بھی دیئے جائیں گے۔