پنجاب اسمبلی کے ایوان میں ستھرا پنجاب کانفرنس ،اپوزیشن کا بائیکاٹ
لاہور:( اپنے رپورٹر سے)پنجاب اسمبلی کے ایوان میں ستھرا پنجاب کانفرنس کا انعقاد کیاگیا جس میں وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے ارکان اسمبلی کو ستھرا پروگرام پنجاب کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ،اپوزیشن ارکان نے ستھرا پنجاب کانفرنس کا بائیکاٹ کیا ۔
قائد حزب اختلاف احمد خان بھچر نے کہا ہمارے مطالبہ تھا کانفرنس کے بجائے ایک دن کا اجلاس بلایا جاتا جس میں ہم صفائی کے حوالے سے بات کرتے، فارم47 کی حکومت کوئی بھی کام کرنے میں ناکام ہے، حکومتی ارکان نے بہترین اقدام قرار دیتے ہوئے ستائش کی جبکہ کچھ اراکین اسمبلی نے تنقید کرتے ہوئے کہا نیا نظام تو ابھی مکمل طورپر آیا نہیں پرانا نظام بھی بند ہوگیا جس سے مختلف اضلاع میں گندگی اور کوڑے کے ڈھیر لگ گئے ۔
،سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی میں ستھرا پنجاب کے حوالے سے خصوصی کانفرنس کی صدارت کی،سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا دیہات میں میونسپل خدمات کےلئے لوگ میونسپل ٹیکس ادا نہیں کرتے،وزیراعلی پنجاب کا ستھرا پنجاب پروگرام صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کےلئے احسن قدم ہے، ہمارے عقیدے کے مطابق صفائی نصف ایمان ہے، صفائی کا نظام ہمیشہ عیسائی برادری سے جوڑا گیا، جو غیر مناسب ہے،سپیکر نے عیسائی برادری کے حقوق پر زور دیا اور کہا وہ بھی ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں،وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کانفرنس سے خطاب میں کہا ستھرا پنجاب پروگرام وزیراعلی مریم نواز کا ویژن ہے۔



















