جون تک 60 ہزار گھروں کی تعمیر کیلئے بلاسود قرضے دئیے جائیں گے،بلال یاسین
لاہور: ( اپنے رپورٹر سے)وزیر ہاوسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین کی پنجاب ہاوسنگ اینڈ ٹاون پلاننگ ایجنسی ہیڈکوارٹر آمد، ڈی جی پھاٹا سیف انور جپہ اور چیف انجینئر اقرار حسین نے خوش آمدید کہا،ڈی جی پنجاب ہاوسنگ اینڈ ٹاون پلاننگ ایجنسی نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی، اس موقع پر وزیر ہاوسنگ نے محکمانہ امور کو فعال بنانے کیلئے استعداد کار میں اضافہ یقینی بنانے کی ہدایت کی، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی اپنی چھت اپنا گھر پروگرام میں پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
بلال یاسین نے کہا 31 دسمبر تک 9000 سے زائد گھروں کے مالکان کو بلاسود قرض کی پہلی اقساط جاری ہو جائیں گی، دوسری اقساط کی ادائیگی کا سلسلہ بھی جاری ہے ،جون 2025 تک 60 ہزار گھروں کی تعمیر کیلئے بلاسود قرض دیے جائیں گے، چودہ ہزار روپے ماہانہ اقساط کو 9 سال کی مدت میں ادا کرنا ہوگا۔
وزیر ہاوسنگ نے واضح کیا اگلے سال میں تعمیر شدہ گھروں کے ماڈل سکیم کی شفافیت کا منہ بولتا ثبوت ہوں گے، کم آمدن افراد کو اپنے گھروں کی فراہمی وزیر اعلیٰ پنجاب کی اولین ترجیح ہے، قرعہ اندازی اور سکیم میں شفافیت پر ڈی جی پھاٹا اور الائیڈ محکموں کی تعریف کی، ڈی جی پنجاب ہاوسنگ اینڈ ٹاون پلاننگ ایجنسی سیف انور جپہ نے بتایا کہ محکمے کے ریونیو اہداف میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے رواں سال 5 لاکھ سے بڑھ کر 33 کروڑ تک ریکارڈ کیا گیا ہے، سال 2025 میں 1550 ملین کے اہداف حاصل کیے جائیں گے۔ اس موقع پر متعلقہ ڈائریکٹرز اور افسران شریک تھے۔



















