اسلام آباد،لاہور: (بیورورپورٹ،اپنے رپورٹر سے)حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رکن عرفان صدیقی نے کہا ہے بانی پی ٹی آئی کے بیانات نہیں، نامزد کردہ کمیٹی کے تحریری مطالبات دیکھیں گے، مذاکراتی کمیٹیوں نے پہلے اجلاس میں ہی خود کو بیرونی ماحول و بیانات سے الگ رکھنے کا فیصلہ کیا، آوٹ آف دی وے جاکر کامیابی چاہتے ہیں۔
عرفان صدیقی نے کہاپی ٹی آئی خود بھی حکومت میں رہی ہے، جانتی ہے جیلوں سے نکلنے یا نکالنے کا کیا آئینی وقانونی طریقہ ہے؟ کسی کا قید ہونا ڈیڈ لاک نہیں کہلا سکتا، ماضی میں بڑے بڑے سیاسی رہنما لمبے عرصے تک جیلوں میں رہے ،پی ٹی آئی سے بات چیت کے آغاز اور حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل میں نوازشریف کی منظوری شامل ہے،وزارت داخلہ کو پی ٹی آئی رہنماوں کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں سہولت دینے کا کہہ دیا گیا تھا، آئندہ بھی سہولت دیں گے،پاکستان کی پالیسیاں کسی رچرڈ گرینل کی ٹوئٹس پر نہیں بنتیں۔
دوسری جانب لیگی رہنما سعد رفیق نے کہا امریکی صدر کے خصوصی نمائندے رچرڈ گرینل کا ضمیر اچانک جاگ اٹھا،2018 کے انتخابات میں دھاندلی اور اپوزیشن رہنماوں کی طویل قید پر ضمیر خاموش رہا،نواز شریف کی منتخب حکومت کو عدلیہ، اسٹیبلشمنٹ اور تحریک انصاف کی ملی بھگت سے ختم کیا گیا، فلسطینیوں کے قتل عام پر امریکی نمائندہ خصوصی کا ضمیر اب بھی مردہ ہے، رچرڈ گرینل کا ضمیر صرف سامراجی مقاصد پورے کرنے کےلئے جاگتا ہے۔
سعدرفیق نے کہاامریکی نمائندے کا انصاف، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی سے کوئی تعلق نہیں، امریکہ کا مقصد چین بلاک کو توڑنا اور ایران کو گھیرنا ہے، پاکستان مضبوط اور محفوظ ہے۔
ملکی پالیسیاں کسی رچرڈ گرینل کی ٹوئٹس پر نہیں بنتیں،ن لیگ



















