انصاف کے نظام میں بدلتے وقت کے ساتھ اصلاحات نا گزیر ہیں: پنجاب بار کونسل

لاہور (کورٹ رپورٹر) پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین چودھری بابر وحید نے کہا ہے کہ انصاف کے نظام میں بدلتے وقت کے ساتھ اصلاحات نا گزیر ہیں ،اعلیٰ عدلیہ اور ماتحت عدلیہ میں زیر التواءمقدمات کو جلد از جلد نمٹانے کےلئے جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے ،پنجاب بار میں خود احتسابی عمل کا جاری ہے جس کے تحت جعلی اور مس کنڈکٹ کے مرتکب وکلاءکے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے ملاقات کے لئے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پنجاب بار کونسل ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین راﺅ فضل الرحمن ،سیکر ٹری پنجاب بار کونسل رفاقت علی سوہل،اکاﺅنٹس آفیسر رانا عمیر، سابق وائس چیئرمینز پنجاب بار کونسل فرحان شہزاد ،کامران بشیر مغل،امجد اقبال خان اورعدیل ہاشمی سمیت دیگر ممبران بھی موجود تھے۔وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل چودھری بابر وحید نے کہا کہ پنجاب بار کونسل نے ہمیشہ انصاف کے نظام میں بہتری کیلئے تجاویز پیش کی ہیں جس پر عملدرآمد کرنا حکومتوں کا کام ہے ،ہمارا واضح موقف ہے کہ انصاف کی فراہمی میں کسی طرح کی تاخیر اور تعطل نہیں آنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بار کونسل میں ایک سال میں جعلی وکلا ءاور مس کنڈیکٹ کے مرتکب ہونے والوں کے خلاف 1050درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے ایک ہزار کے فیصلے کر دیئے گئے، 80 وکلاءکے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے لائسنس معطل کئے گئے جبکہ 3کیسزٹربیونلز کو بھیج دیئے گئے ،لاہورویژن میں جسٹس فاروق حیدر کے پاس 160ریفرنس اور 100اپیلیں،فیصل آباد بنچ کے جسٹس عبدالعزیز کے پاس 32ریفرنس اور 36اپیلیں،ملتان ڈویژن میں جسٹس وجیہہ خان کے پاس 5ریفرنس اور 6اپیلیں اور راولپنڈی ڈویژن میںجسٹس انوارالحق پنوں کے پاس 2ریفرنس اور 3 اپیلیں زیر سماعت ہیں۔اگر کوئی وکیل خود کو میرٹ پر اور درست سمجھتا ہے تو وہ آئے اور اپنے موقف سے خود کو درست ثابت کرے اسے انصاف فراہم کیا جائیگا لیکن اگر کوئی قصور وار ہے تو اسے ضابطے کے مطابق کارروائی کا سامنا کرنا پڑیگا۔