فوجی عدالتیں سویلین کو سزا نہیں سناسکتیں، فیصلہ چیلنج کرینگے،پی ٹی آئی

اسلام آباد،راولپنڈی: (بیورورپورٹ)پی ٹی آئی نے کہاہے فوجی عدالتیں سویلین کو سزا نہیں سناسکتیں، فیصلہ چیلنج کرینگے۔

اپنی ٹوئٹ میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا سویلینز کےخلاف ملٹری کورٹس کی سزاﺅں کا فیصلہ مسترد کرتے ہیں، فوجی عدالتوں کی جانب سے پی ٹی آئی کے زیر حراست افراد کےخلاف سنائی گئی سزائیں انصاف کے اصولوں کے منافی ہیں، زیر حراست افراد عام شہری اور فوجی عدالتوں میں مقدمہ نہیں چلایا جاسکتا۔

عمر ایوب نے کہافوجی عدالتیں قانونی طور پر ریاست کی عدالتی طاقت کی شراکت دار نہیں ہوسکتیں، مسلح افواج ریاست کے انتظامی اختیار کا حصہ ہیں ایسی عدالتوں کا قیام عام شہریوں سمیت عدلیہ کی آزادی کےخلاف ہے، فیصلوں سے آئین کی بنیادی خصوصیت طاقت کی تقسیم کی نفی ہوئی۔

اسد قیصر نے کہا ملٹری کورٹس کا فیصلہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے،ٹرائلز میں انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوئے، فیصلوں کی مذمت کرتے ہیں ،ہر فورم پر چیلنج کریں گے،سپریم کورٹ کے فیصلے نے مایوس کیا،اسد قیصر نے کہا شہری اپنے بنیادی حق سے محروم کردیئے گئے، عدالتیں کمپرومائز ہوں تو ملک میں مایوسی بڑھے گی،عدالتی نظام مکمل مفلوج ہوناملک کیلئے المیہ ہے، انصاف کے حصول کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

سلمان اکرم راجہ،لطیف کھوسہ نے کہافیصلہ غیر آئینی اور عمران خان کو ملٹری کورٹس میں پیش کرنے کا منصوبہ ہے،فوجی عدالتوں سے سزاو¿ں کے باوجود مذاکرات کیلئے تیار ہیں، ابھی تک حکومت نے کوئی رابطہ نہیں کیا۔