راولپنڈی،لاہور (بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)خصوصی عدالت نے 9مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں فرد جرم عائد ہونے کےخلاف عمران خان، شاہ محمود قریشی اور وزیر اعلیٰ کے پی سمیت 13 رہنماوں کی درخواستیں مسترد کردیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے محفوظ فیصلہ سنایا،عدالت نے فواد چودھری، شاہ محمود قریشی، شیخ رشید کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا فرد جرم عائد کرنے کے بادی النظر میں شواہد موجود ہیں،5 ملزموں میجر ستی، ایم این اے احمد چٹھہ کی عمرہ جانے کی درخواستیں بھی مسترد کردی گئیں۔
مزید برآں عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں مسلسل غیر حاضری پر پی ٹی آئی کے 6 رہنماوں کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دےدیا، اے ٹی سی نے وارنٹ گرفتاری تحریری طور پر جاری کردئیے ،ملزمان میں بلال اعجاز، زین قریشی، ناصر محفوظ، عاصم، شاہ نواز احمد، شہیر سکندر شامل ہیں۔
علاوہ ازیں 9 مئی کیس میں ضمانت کے بعد عدالت سے غیرحاضری پر پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کے ضامن ان کے سسر کیخلاف کارروائی شروع کردی گئی،9 مئی کیس میں ضمانت ملنے کے بعد عدالتی سماعت میں پیش نہ ہونے پر پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کے ضامن سسر کےخلاف کارروائی شروع کی گئی، لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے عالیہ حمزہ کے سسر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 جنوری کو طلب کرلیا،عدالت نے آئندہ سماعت پرعالیہ حمزہ کے پیش نہ ہونے پر تحریری وضاحت جمع کرانے کا حکم دیدیا۔
GHQ حملہ:عمران سمیت 13 رہنماوں کی فرد جرم کیخلاف درخواستیں مسترد



















