ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے شہر کے تمام انٹری پوائنٹس کی مکمل صفائی کی ہدایت کردی۔شہر میں داخل ہونے والے تمام راستوں سے کوڑا کرکٹ اٹھانے کا پلان ترتیب دیا جائے۔ مڈھالی روڈ، اولڈ ہڑپہ روڈ، پاک پتن روڈ اور عارفوالا روڈ کے دونوں اطراف صاف ستھرے ہونے چاہئیں، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کو ہدایت۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فارو ق وڑائچ، چیف آفیسر کاریوریشن شیخ اشفاق احمد، اے سی جنرل رائے فیصل عمران اور سٹی منیجر پسپ اسجد خان نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے شہر میں موجود کارپوریشن کی دوکانوں کو کرایہ پر دینے کیلئے ہونے والی نیلامی سے قبل تمام دکانداروں سے بقایاجات کی وصولی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ کوئی دکانداربقایاجات کلیئر کروائے بغیر نیلامی میں حصہ نہیں لے سکتا۔ انہوں نے سپرنٹنڈنٹ اشفاق احمد لودھی کو ہدایت کی کہ وہ کرایہ داروں سے کرایہ کی وصولی جاری رکھیں اور انہیں واضح پیغام پہنچا دیں کہ بقایا جات کلیئر کرائے بغیر وہ نیلامی میں حصہ نہیں لے سکتے اور اس سلسلے میں کوئی دبا بھی برداشت نہ کیا جائے گا۔
کوئی دکانداربقایاجات کلیئر کروائے بغیر نیلامی میں حصہ نہیں لے سکتا: کمشنر ساہیوال، سڑکوں سے کچرا اٹھانے کا پلان تیار



















