سربراہ بلدیہ عظمیٰ کی کمزور گرفت،شہر میں غیرقانونی تعمیرات کا سلسلہ جاری، خزانے کو کروڑوں کا نقصان

لاہور ( خبر نگار ) سربراہ بلدیہ عظمیٰ لاہور کی انتظامی امور پر گرفت مضبوط نہ ہونے کی وجہ سے غیر قانونی تعمیرات کے ذریعے خزانے کو پہنچنے والا کروڑوں روپے کا نقصان تو ایک طرف الٹا شہر کا حسن بھی تباہ ہو کر رہ گیا ہے، لیکن ڈپٹی کمشنر لاہور اور انکی ہم خیال ٹیم کے قابل اور تجربہ کار چیف و ڈپٹی چیف آفیسر ہیڈ کوارٹر تاحال ایسی حکمت عملی مرتب نہ کرسکے جس کے ذریعے غیر قانونی تعمیرات کی راہ روکی جاسکے۔ یہی وجہ ہے کہ تمام زونوں کی طرح داتا گنج بخش زون کی حدود میں بھی درجنوں غیر قانونی کمرشل و نان کمرشل تعمیرات کا جال بچھ گیا ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ داتا گنج بخش زون کے بلڈنگ انسپکٹر سلمان شہباز نے چوبرجی یاسر بروسٹ سے ملحقہ گلی میں دو کمرشل تعمیرات شروع کر وا رکھی ہیں تاہم مذکورہ تعمیرات نہ صرف بلڈنگ قوانین کی صریحاً خلاف ورزی کرتی دکھائی دیتی ہیں بلکہ مبینہ طور پر انکی تعمیر بھی بغیر نقشہ جاری ہے۔ دوسری طرف مین ساندہ روڈ پر بھی تین کمرشل تعمیرات اہم مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں جبکہ رائل پارک میں بھی غیر قانونی پلازوں کی بلڈنگ انسپکٹر کی سرپرستی میں تعمیر ہورہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے ماضی میں بھی غیر قانونی تعمیرات کا الزام ثابت ہونے کے بعد بلڈنگ انسپکٹر سلمان شہباز کو نوکری سے برطرف کردیا گیا تھا۔ ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ نقشوں کی جن فائلوں پر ڈپٹی کمشنر اور چیف افسر کی منظوری ضروری ہوتی ہے وہ عمل انتہائی سست روی کا شکار ہے اور نقشوں کی ڈاک ڈپٹی چیف افسر کے دفتر سے چیف افسر اور ایڈمنسٹریٹر تک پہنچنے میں بہت وقت لے لیتی ہے، چنانچہ یہی عمل زونوںمیں جاری غیر قانونی تعمیرات کی بنیاد بنا ہوا ہے۔