مجھے جھوٹے کیس بنا کر جیل میں ڈالنے والا خود عبرت کا نشان بن گیا،احسن اقبال

نارووال: ( بیورورپورٹ)وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے کہا ہے معاشی ترقی کیلئے پالیسیوں کا تسلسل نا گزیر ہے،پاکستان کو انتشار کی بجائے امن کی ضرورت ہے،میرے اوپر جھوٹے کیس بنا کر جیل میں ڈالنے والا خود عبرت کا نشان بنا ہوا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارووال میں وزیراعلی پنجاب گرین ٹریکٹر سکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

احسن اقبال نے کہا 2018میں جب ہم نے حکومت چھوڑی تب گندم،چاول اور گنا سمیت مختلف اجناس میں ہم خود کفیل تھے،تبدیلی سرکار نے اچھی بھلی زراعت کو بھی برباد کرکے رکھ دیا تھا،2018میں اناڑی کو پاکستان کی چابی دی گئی،اناڑی نے معیشت برباد کرکے مہنگائی کی شرح میں تاریخی اضافہ کردیا،اصلاحات کےلئے حالات پر امن ہونے چاہئیں،معاشی ترقی کیلئے پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے،پاکستان کو انتشار کی بجائے امن کی ضرورت ہے،نواز شریف کی جب حکومت آئی اس کو کام سے روک کر سازش سے نکال دیا گیا، آج ایک سیاسی جماعت اپنے ملک اور فوج کےخلاف زہر اگل رہی ہے،پاکستان کا امن طاقتور فوج کی وجہ سے ہے،9مئی کو جو کچھ ہوا اس طرح دنیا کے کسی ملک میں نہیں ہوتا،ایک شخص پاکستان کی سیاست میں زہر گھولنے اور نفرت بھرنے والا ہے۔