سب کےساتھ مذاکرات کو تیار ہیں: عمر ایوب: سو بسم اللہ، پرانا طریقہ کار ترک کریں: عرفان صدیقی
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے مذاکرات شروع نہیں ہوئے تاہم ہم سب کےساتھ مذاکرات کرنے کو تیار ہیں، بانی پی ٹی آئی نے کمیٹی بنا دی ہے، کمیٹی کے نام بھی بتا دیئے ، کمیٹی کے ارکان اب مذاکرات کےلئے دستیاب ہیں،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا سپیکر سے مذاکرات کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی، سپیکر سے میں اور عامر ڈوگر نے گزشتہ روز ان کی ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت کی تھی، گزشتہ رات اسد قیصر اور سلمان اکرم راجہ بھی سپیکر سے تعزیت کرنے گئے تھے،ایک سوال کے جواب میں اپوزیشن لیڈرنے کہا اگر سپیکر قومی اسمبلی مذاکرات کرانے میں مثبت کردار ادا کریں تو اچھی بات ہے، ہمارے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں، بانی پی ٹی آئی نے پہلے بھی کمیٹی کو اختیار دیا تھا، اب بھی بااختیار کمیٹی بنائی ہے، ان لوگوں کو احساس ہو رہا ہے کہ تحریک انصاف کو زور زبردستی سے کچلا نہیں جاسکتا، جب تک سیاسی مذاکرات آگے نہیں بڑھیں گے ملک ترقی نہیں کرسکتا، عمر ایوب نے کہا ہمارا موقف ہے جو بھی ہم سے بات کرنا چاہے بس وہ بااختیار ہو، ہمارے مطالبات سامنے ہیں اسیران کی رہائی اور 9 مئی یا 24 نومبر کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے،ادھر مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے پی ٹی آئی کو پیغام دیا ہے سول نافرمانی کی تلوار لٹکانے سے مذاکرات نہیں ہوتے، ایسا نہ کریں، اگر پی ٹی آئی بات کرنا چاہتی ہے تو سو بسم اللہ ہم تیار ہیں،سینٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا پرامن احتجاج کا حق ہے لیکن کیا پرامن احتجاج الجہاد اور مارو کے نعروں سے ہوتا ہے؟ کہاں ایسا پرامن احتجاج کیا جاتا ہے جہاں آپ آنسو گیس لے کر چلیں،کہاں پرامن احتجاج کیا جاتا ہے جہاں مارو یا مر جانےکا نعرہ لگا کر چلیں؟، اس بار احتجاج کی کوئی درخواست نہیں دی گئی، کوئی اجازت نہیں مانگی گئی،ہم نے مذاکرات کے کبھی دروازے بند نہیں کیے، ہم چاہتے ہیں بات ہو، ہم بات چیت کےلئے تیار ہیں۔



















