پنجاب یونیورسٹی میں طالب علم رانا عمار کی ہلاکت حادثہ، واقعہ کو غلط رنگ دیا گیا: پولیس

لاہور (کرائم رپورٹر) ایس پی اقبال ٹاﺅن بلال احمد نے کہا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی میں طالبعلم رانا عمار کے جاں بحق ہونے کا واقعہ حادثاتی ہے ،رانا عمار کے ساتھ گاڑی میں موجود تینوں دوستوں کو گرفتار کر کے گاڑی اور پستول برآمد کر لیا گیا ہے ۔ ایس پی اقبال ٹاﺅن نے میڈیا کو بتایا کہ رانا عمار اپنے دوستوں دلاور، عبداللہ اور حذیفہ کے ساتھ پی سی ڈھابہ پنجاب یونیورسٹی گاڑی میں موجود تھا،گاڑی اور نو ایم ایم پسٹل دلاور کا تھا ،دلاور نے پسٹل گاڑی کے ڈیش بورڈ پر رکھا،دلاور سے پسٹل گاڑی کے پیچھے بیٹھے حذیفہ نے مانگا اور چیمبر مارا تو اچانک بریسٹ کی شکل میں گولیاں چل گئی،رانا عمار جو گاڑی کے فرنٹ پر بیٹھا تھا تین گولیاں گاڑی کی سیٹ کو پھاڑتے ہوئے اسے لگ گئیں۔گولیاں لگنے سے رانا عمار زخمی ہو گیا جسے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا۔ ایس پی اقبال ٹاﺅن بلال احمد کے مطابق فوری ٹیم تشکیل دی جس نے کاروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔دلاور کو ہسپتال سے جبکہ خذیفہ کو گجرات کے نواحی علاقے سے گرفتار کیا گیا ،ملزمان دلاور، عبداللہ، اور حذیفہ کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کر کے گاڑی اور پستول بھی برآمد کر لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ حذیفہ سے حادثاتی طور پر گولی چلی،طلبہ تنظیم کی جانب سے واقعہ کو غلط رنگ دینے کی کوشش کی گئی ،تینوں طلبہ کا کسی تنظیم سے کوئی تعلق نہیں۔