سنگجانی بیٹھنے کے بدلے عمران کورہا کرنے کی پیشکش ہوئی: علیمہ خان

لاہور :(اپنے نمائندے سے) بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے سنگجانی میں بیٹھنے کے بدلے عمران خان کورہا کرنے کی پیشکش کی گئی۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا حکومت نے بیرسٹر گوہر کو آفر کی سنگجانی میں بیٹھیں عمران خان کو رہا کردیں گے،3،4کیسز میں حاضری تھی، جناح ہاوس کیس کا ٹرائل شروع نہیں ہو رہا، تفتیشی نے پہلی بار کہا شامل تفتیش ہو گئے ،ضمانت نہیں، 9مئی کا ٹرائل شروع کرانا چاہتے ہیں،پراسیکیوشن کے پاس شواہد ہی موجود نہیں یہ لوگوں کی زندگیاں خراب کر رہے ہیں۔

علیمہ خان نے دعویٰ کیا احتجاج کےلئے جب لوگ آنا شروع ہوئے تو حکومت نے خوفزدہ ہو کر بیرسٹر گوہر کو بلایا، حکومت نے کہا سنگجانی میں بیٹھیں بانی پی ٹی آئی کو رہا کر دیا جائےگا۔

قبل ازیں انسداد دہشتگردی عدالت میں علیمہ خان و دیگر کیخلاف 9 مئی مقدمات کی سماعت ہوئی، اے ٹی سی کے جج ارشد جاوید نے مقدمات پر سماعت کی،دوران سماعت عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا مقدمات میں کیسے نامزد ہوئیں، تفتیشی افسر نے جواب دیا انہوں نے کارکنوں کو اکسایا،بعد ازاں عدالت نے جناح ہاوس حملہ اور جلاو گھیراو سمیت دیگر مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی ضمانتوں میں 18 جنوری تک توسیع کرتے ہوئے پولیس سے تفتیشی رپورٹ طلب کرلی۔