ملک دشمن پروپیگنڈا کرنےوالوں کےخلاف سخت کریک ڈاون کا فیصلہ

اسلام آباد،کراچی:(بیورورپورٹ)سوشل میڈیا پر ریاست و سکیورٹی اداروں سمیت ملک دشمن پروپیگنڈا کرنےوالوں کےخلاف سخت کریک ڈاون کرنے کا فیصلہ ،مزید7ملزموں کیخلاف مقدمات درج کرلیے گئے۔

وفاقی حکومت کے اعلیٰ حکام کے مطابق ملک دشمن پروپیگنڈا کرنےوالوں کےخلاف کریک ڈاون کیلئے وفاق وصوبائی سطح پر سکیورٹی اداروں اور ایف آئی اے سائبر کرائم کی مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی،ٹیموں کو قانون کے مطابق گرفتاری و تفتیش کے اختیارات بھی تفویض کیے جائیں گے ،پی ٹی اے ،متعلقہ اداروں کی مکمل معاونت حاصل ہوگی،ٹیمیں وفاقی حکومت کے ماتحت کام کریں گی۔

خصوصی سائبر ٹیموں کوتمام سوشل میڈیا کی مختلف اپیس پر اکاونٹس کی تفصیلات معلوم کرنے سمیت دیگر امور کی جانچ پڑتال کےلئے تمام وسائل مہیا کیے جائیں گے،حکومت نے سوشل میڈیا پر ریاست مخالف پروپیگنڈا کرنےوالے عناصر کےخلاف کارروائی کےلئے موجودہ قوانین میں ترامیم کا بھی فیصلہ کرلیا ،بل جلد پارلیمنٹ میں پیش کیا جائےگا۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز اور جھوٹے بیانات میں ملوث مزید 7 ملزموں کےخلاف ایف آئی آرز درج کر لی گئیں،کراچی سے تعلق رکھنے والے شرپسندوں میں سہیل، جنید، شیخ احسان، طارق جمیل، سید رضوان، احمد اور بابر عظیم شامل ہیں،ذرائع کے مطابق ملزم سوشل میڈیا کے ذریعے ریاست مخالف پروپیگنڈا اور جھوٹا بیانیہ پھیلا رہے تھے، جلد گرفتار کر کے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔