مرد کی عورت اور خاتون کا مرد کی مشابہت اختیار کرنا ناجائز ہے:راغب نعیمی

لاہور (اپنے نمائندے سے) اسلامی نظریاتی کونسل اور برتھ ڈیفیکٹ فاونڈیشن کے زیر اہتمام اسلامی نظریاتی کونسل میں خنثی کے جنس کے تعین کے حوالے سے آگاہی اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا جس کی صدارت چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کی۔ اجلاس میں ڈاکٹر افضل شیخ، ڈاکٹر انصر جاوید نے خنثی کے تعین جنس کے علاج کے بارے آگاہی دی اور کہا کہ طبی لحاظ سے ہر انسان یا تو مرد ہوتا ہے یا عورت،جن افراد میں پیدائشی طور پر کوئی نقص ہو یا زنانہ و مردانہ علامات دونوں موجود ہوں یا کوئی ایسی صورت کہ کچھ بھی واضح نہ ہو تو طبی نقطہ نظر سے ایسے افراد کا بذریعہ سرجری ان کی غالب جنس کا تعین بھی کیا جاسکتا ہے جبکہ ڈاکٹر انصر جاوید سائیکالوجسٹ چیئرمین برتھ ڈیفیکٹ فاونڈیشن اور طاہرہ جاوید چوہدری ایچ او ڈی برتھ ڈیفیکٹ فاونڈیشن نے پیدائشی طور پر مختلف نقائص و بیماریوں کا ذکر کیا اور ٹرانس جینڈر اور خنثی کے درمیان فرق کو واضح کیا۔اجلاس کے شرکاءکو آگاہ کیا گیا کہ ٹرانس جینڈر فرد پیدائشی طور مکمل صحت یاب پیدا ہوتا ہے محض دماغ میں ایک مادہ پیدا ہونے کی وجہ سے وہ خود کو مخالف جنس کا فرد تصور کرنے لگتا ہے،ایسے افراد کا نفسیاتی طور پر علاج کیا جاتا ہے جبکہ خنثی افراد پیدائشی طور پر کسی نقص کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں، اس کا علاج سرجری کے ذریعے کرنا پڑتا ہے۔ اس موقع پر چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل بھی اپنی سفارش میں واضح کر چکی ہے کہ کسی فرد کو اپنی واضح جنس کو تبدیل کرنا جائز نہیں ہے لیکن اگر جنس میں ابہام ہو تو علاج و سرجری کے ذریعے اس فرد کی جنس کی تعین کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانس جینڈر کی اصطلاح ایک غلط اصطلاح ہے،اس کا استعمال نہیں ہونا چاہئے کیونکہ اس کے ضمن میں ایسے افراد بھی شامل کئے جاتے ہیں جو حقیقی مرد یا حقیقی عورت ہوتے ہیں لیکن محض باطنی احساسات کی بنیاد پر خود کو مخالف جنس کا فرد تصور کرتے ہیں۔ ایسے مخصوص افراد جن میں پیدائشی طور پر ہوئی نقص ہو،ان کیلئے خنثی کا لفظ استعمال کیا جائے۔اپنی جنس کی از خود تعین کی اسلام میں اجازت نہیں ہے۔اسلامی تعلیمات کے مطابق ہر فرد کی جنس پیدائشی طور اللہ تعالی ٰکی طرف سے طے شدہ ہوتی ہے لہٰذا محض اپنے باطنی احساسات کی بنیاد پر اس پیدائشی جنس کے برعکس اپنی شناخت بیان کرنا شرعی احکام سے متصادم ہے اور یہ ایک ذہنی مرض کا شاخسانہ ہے جس کو جینڈر ڈسفوریا کہا جاتا ہے۔ طبی ماہرین اس مرض کا علاج کر سکتے ہیں۔ اجلاس میں علامہ طاہر محمود اشرفی، علامہ افتخار حسین نقوی نے اور ڈاکٹر قبلہ ایاز، سابق چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے بھی گفتگو کی جبکہ دیگر شرکاءمیں مفتی ضمیر احمد ساجد ،مولانا تنویر احمد علوی، ڈاکٹر انعام اللہ، ڈاکٹر غلام دستگیر شاہین اور مفتی غلام ماجد بھی شامل تھے۔