محکمہ اوقاف صوفیاءکرام کی تعلیمات کو مشعل راہ بنانے کیلئے سرگرم عمل ہے: طاہر رضا
لاہور( اپنے نمائندے سے )سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضابخاری نے صوبہ بھر کے اوقاف آرگنائزیشن کے انتظامی یونٹس کے از سرنو جائزے، وقف املاک کے انتظام و انصرام اور مختلف سرکلز میں پراپرٹیزکی تعداد میں توازن ، محل وقوع کے مطابق تقسیم کیلئے ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور خالد محمود سندھو کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی جس میںڈپٹی ڈائریکٹر ایڈ منسٹریشن اوقاف، ڈپٹی ڈائریکٹر سٹیٹ (دوئم) اوقاف، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فنانس اوقاف، ایڈ منسٹریٹر اوقاف لاہور زون (ایسٹ)اور متعلقہ ایڈ منسٹریٹرز شامل تھے۔ کمیٹی نے زونل اور سرکل آفسزکی کارکردگی کو مزید موثر اور بہتر بنانے کیلئے مختلف اقدامات کی سفارش کی جس کے مطابق حضرت خواجہ غلام فرید کے مزار کو زونل ہیڈ کوارٹرکا درجہ دیتے ہوئے، آپکے مزار سے ملحق19 ہزار ایکٹر وقف اراضی کے نظام کو موثر اور مربوط بنادیا۔ سیکرٹری اوقاف نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زونل آفس، دربار حضرت خواجہ غلام فرید کا قیام جنوبی پنجاب کے زائرین اور عوام کیلئے بہت بڑا ریلیف ہے۔دربار حضرت خواجہ غلام فرید پر زونل دفتر کے قیام سے زائرین کےلئے سہولیات میں بہتری، مانیٹرنگ کے نظام اور وقف اراضی سے ریونیو جنریشن میں اضافہ ہوگا۔ داتا دربار، بابا فرید پاکپتن اور بادشاہی مسجد کے بعد یہ چوتھا زون ہے جو کسی خاص مقام یا شخصیت کے ساتھ منسوب کیا گیا ہے۔مزید یہ کہ اوقاف ورکنگ گروپ نے وقف املاک کے موثر انتظام و انصرام اور علاقائی توازن پیدا کرنے، زونل دفاتر کی کاکردگی کو مزید بہتر بنانے، زونل اور سرکلزآفسز کے وسائل، اختیارات اور مالی اہداف کا تعین کرتے ہوئے،ملتان زون کی تشکیل نو کرکے لودھراں کو خانیوال سرکل کی بجائے،بہاولپور سرکل میں شامل کر کے، انتظامی طور پر آسانی اور عوام کیلئے سہولت پیدا کردی۔ اسی طرح راولپنڈی زون کے تمام سرکلز کے کمرشل یونٹس اور آمد ن کے اہداف کو یکساں تقسیم کرکے نئی تشکیل نو کرکے تمام سرکل آفسز میں ذمہ داریوں کو تقسیم کردیا،دربار حضرت سخی سرور سے ملحق 31,929ایکڑ اراضی کی بہتر مینجمنٹ کیلئے اس دربار پر منیجر آفس کا قیام مجموعی بہتری کا باعث ہوگا۔ تحصیل لیاقت پوراور خانپور کی ہزاروں ایکڑاراضی کی بہتر مانیٹرنگ کیلئے نئے انتظامی یونٹ بھی قائم کردیئے۔واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کی روشنی میں سیکرٹری /چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہررضابخاری کی سرکردگی میں محکمہ اوقاف کے تمام شعبہ جات محنت اور موثر پالیسیوں کے ساتھ، انتظامی اور مالی خود مختار ی کو مضبوط اور مستحکم رکھنے کیلئے موثرحکمت عملی کیساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ محکمہ اوقاف خطے کے صوفیاءکے مزارات کی تعمیر و ترقی اور ان کی تعلیمات کو بطورِ خاص مشعل راہ بنانے کیلئے ہمہ وقت سرگرم عمل ہیں۔



















