عارف والا کا دورہ،ریونیو افسر عوامی شکایات کو فوری ازالہ کریں:کمشنر ساہیوال


ساہیوال:(بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے تحصیل عارفوالا کے تفصیلی دورے کے دوران اے سی آفس،اراضی ریکارڈ سنٹر اور متعدد دیہی مراکز مال کا معائنہ کیا، کمشنر شعیب اقبال سید نے محکمہ ریونیو کے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا عوامی شکایات کو فوری ازالہ کیا جائے، دفاتر میں عوام سے ملاقات یقینی بنائی جائے۔

شعیب اقبال سید نے اے سی آفس کی مختلف برانچوں کا دورہ کیا،عملے کی حاضری چیک کی اور ریکارڈ روم میں ریکارڈ کو بہتر انداز میں رکھنے کیلئے نئے ریک اور الماریاں بنوانے کی بھی ہدایات جاری کی،کمشنر نے اراضی ریکارڈ سنٹرکا بھی دورہ کیااورسنٹر میں موجود سائلین سے فراہم کردہ سروسز بارے معلومات لیں،اراضی ریکارڈ سنٹر میں مختلف کاﺅنٹرز پر پرچی دینے کے عمل کوبھی چیک کیا،شعیب اقبال سید نے ہدایت کی فیسوں کی ادائیگی کی لسٹ دفتر میں نمایاں جگہ آویزاں کریں تاکہ فیس ادائیگی میں سائلین کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

کمشنرنے دیہی مراکز مال 149 ای بی اور 147 ای بی کا بھی دورہ کیا اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا ریونیو اہلکار عوام کے خادم ہیں اور ان کا رویہ بھی خدمت والا ہی ہونا چاہیے، دیہی مراکز مال میں عملے کی حاضری یقینی بنائی جائے ، زمین کے انتقالات سے متعلقہ تمام معلومات دفتر میں نمایاں جگہ پر آویزاں کی جائیں، اپنے دفتر سے متعلقہ سروسز بارے سائن بورڈز کو نمایاں جگہ پر آویزاں کریں تاکہ سائلین کو دفتر ڈھونڈنے میں کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔

دورے کے دوران کمشنر شعیب اقبال سید نے شہر کی صفائی کی عمومی صورتحال پر ناراضگی کا اظہارکیا، میونسپل کمیٹی کے افسران کو ہدایت کی شہر کی صفائی ستھرائی کےلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جائے،کمشنر نے زیر تعمیر عارفوالا روڈ پر جاری کام کا بھی تفصیلی جائزہ لیا، محکمہ ہائی وے کے افسران نے اس اہم بین الاضلائی سڑک پر جاری کام بارے تفصیلی بریفنگ دی،شعیب اقبال سید نے کہا دوسرے شہروں سے داخل ہونے کےلئے ساہیوال کی مین شاہراہ ہے جسے جلد مکمل کرنے کےلئے ٹھیکیدار لیبر اور مشینری بڑھائے،کمشنر نے روڈ پر جاری کام کرنےوالی لیبر کےلئے سیفٹی گیٹر فراہم کرنے اور سائن بورڈ آویزاں کرنے کی بھی ہدایت کی۔

شعیب اقبال سید نے محکمہ ہائی وے کے افسران کو ہدایت کی مین شاہراہ کی تعمیر میں کام کے معیار کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ لوگوں کو دیرپا سفری سہولیات میسر آ سکیں،ادھر کمشنر شعیب اقبال سید نے میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا میونسپل کارپوریشن اپنے مالی وسائل میں اضافے کےلئے کنورڑن و بلڈنگ فیس اور دوکانوں کے کرایوں کی وصولی بہتر کرے تاکہ انہیں عوام کو شہری سہولیات کی فراہمی پر خرچ کیا جا سکے، دکانوں سے کرایوں کے بقایا جات کی وصولی کےلئے اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال کی خدمات بھی حاصل کی جائیں۔