پی ٹی آئی میں حب الوطن موجود، سڑکوں پر معاملات حل نہیں ہوتے: گورنر پنجاب

لاہور (سٹاف رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے پی ٹی آئی میں حب الوطن لوگ موجود ہیں،حکومت سے اتحاد ہماری مجبوری ہے،سردار سلیم حیدر نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا میرے حلف اٹھانے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو گورنر ہاو¿س آنا چاہیے تھا تاہم پنجاب کی روایت برقرار رکھتے ہوئے میں خود مریم نواز سے ملنے گیا، میں نے کبھی نہیں کہا وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات نہیں کروں گا، پیپلز پارٹی ملک میں سیاسی استحکام اور وعدوں کی پاسداری چاہتی ہے، ہم اتحادی ہیں اور مل کر چل رہے ہیں تاہم ہمیں مجبور کیا جا رہا ہے، ہم نے ہر معاملے میں وفاق کی معاونت کی، سردارسلیم حیدر نے کہا پیپلزپارٹی چاہتی ہے ملک کا نظام چلتا رہے اور وفاق سے تحفظات پر بات چیت کےلئے کمیٹی بن چکی ہے تاہم کمیٹی کا تجربہ اچھا نہیں مگر پھر بھی اچھے کی امید ہے، حکومت سے اتحاد ہماری مجبوری ہے ، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملکی مفاد کو ترجیح دی، ہم نے ووٹ نہیں بلکہ ملک کو مقدم رکھا،وزیر اعلیٰ پنجاب کے کاموں کی تعریف کرتے ہوئے گورنرنے کہا مریم نواز بطور وزیر اعلیٰ پنجاب اچھا کام کر رہی ہیں، مریم نواز نے بہترین منصوبے شروع کیے، مریم نواز کی بطور وزیراعلیٰ ناکامی پاکستان کی ناکامی ہو گی، ہم کبھی نہیں چاہتے مریم نواز بطور وزیر اعلیٰ کارکردگی نہ دکھائیں،پی ٹی آئی سے متعلق بات کرتے ہوئے سردارسلیم حیدر نے کہا پی ٹی آئی میں حب الوطن لوگ موجود ہیں،سڑکوں پر معاملات حل نہیں ہوتے اور مذاکرات وقت کی ضرورت ہے، سیاست میں کوئی چیز حرف آخر نہیں ہے۔