ریلوے انتظامیہ کی زبانی جمع تفریق، ٹرینیں آئے دن حادثات سے دوچار، آمدورفت کا ٹائم ٹیبل بھی متاثر

لاہور (اپنے نمائندے سے) ریلویز انتظامیہ کی نااہلی، مسافر اور گڈز ٹرینوں کو حادثات سے محفوظ رکھنے کیلئے خاطرخواہ حکمت عملی بنانے میں ناکام، گڈز ٹرین بریک فیل پٹری سے اترکر قبرستان میں گھس گئی، مالی و انسانی جانوں کے ضیاع کی روک تھام میں ناکام، سی ای او ریلویز کی حکمت عملی زبانی جمع تفریق تک محدود ہوکر رہ گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلویز انتظامیہ محکمہ کی بہتری کی خاطر عملی اقدامات کرنے میں عملی اقدامات کرنے کی بجائے رپورٹس کی حد تک محدود ہے۔ مسافروں کو سستی سفری سہولیات کے وسائل کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مسافر ٹرینوں کی کراچی اور لاہور سے دیگر شہروں میں روانگی اور آمد کو بروقت کرنے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ شہریوں کی جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے کی بجائے زبانی جمع تفریق تک منصوبہ بندی محدود ہے۔ گزشتہ ہفتہ میں فیروزوالا ریلوے سٹیشن پر گڈز ٹرین بریک فیل ہونے کی وجہ سے ٹرین پٹری سے اتر کر قبرستان میں گھس گئی تھی گڈز ٹرین پٹری سے اترنے کی وجہ سے مختلف سامان سے بھرے کنٹینر ز کو بھی نقصان پہنچا تھا اسی طرح مختلف مسافر ٹرینیں بھی ریلویز انتظامیہ کی نا اہلی کی وجہ سے حادثات کا شکار ہو رہی ہیں اس پر کارروائی کرنے کی بجائے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ سی ای او ریلویز مسافروں کو ریلیف فراہم کرنے میں عملی طور پر کسی قسم کے اقدام کرتے ہوئے دکھائی نہیں دے رہے مختلف شہروں میں جانے والی مسافر اور گڈز ٹرینوں کو حادثات سے محفوظ رکھنے کی خاطر کسی قسم کی حکمت عملی اختیار نہیں کی جا سکی جس کے نتیجہ میں ماضی میں زاہدان کوئٹہ کے درمیان چلنے والی گڈز ٹرین تافتان اورنوکنڈی کے درمیان حادثے کا شکار ہوئی، انجن پٹری سے اتر کرالٹ گیا۔ ریسٹ وین اور لوڈڈ ویگن بھی پٹری سے اتر کرالٹ گئی جو کہ ریلویز انتظامیہ کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ٹریک کی بہتر ی اور حادثات کی روک تھام کی خاطر ہر دور میں سیاسی شخصیات اور ریلویز افسران کی جانب سے منصوبہ بندی کا فقدان دیکھنے میں آیا ہے۔ ریلویز انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیاسی حکمرانوں کے تمام صحیح اور غلط فیصلوں کو تسلیم کرنا پڑتا ، اسکے بغیر نوکری کرنا مشکل ہے۔ ریلویز انتظامیہ کی طرف سے تاحال گڈز اور مسافر ٹرینوں کو حادثات سے محفوظ کرنا مشکل ہی نہیں نا ممکن ہو چکا ہے جس کے نتیجہ میں ریلویز کو مالی اور مسافر وں کو جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ٹرین حادثات پر ریلویز انتظامیہ کی جانب سے فی الفور کارکردگی دکھانے کی خاطر انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی جاتی ہے جو کمیٹی بعد میں فائلز کے اندر گم ہو جاتی ہے اور ٹرین حادثات کی وجوہات کی بنیاد تک پہنچنے کی خاطر حکمت عملی بنانے کی بجائے معاملات کو مکمل طور پر نظر انداز کرنے کی منصوبہ بندی اختیار کی جا رہی ہے۔