اجتماعی کاوشوں سے ہی ہر شہری کی زندگی کا تحفظ کر سکتے ہیں: مریم اورنگزیب

لاہور (اپنے رپورٹر سے) صوبائی دارالحکومت لاہور چھٹی کے روز آلودہ ترین شہروں میں دنیا نمبر بھر میں پہلے نمبر پر رہا۔ ملکی سطح پر آلودگی کے حوالے سے ملتان 397 اے کیو آئی کے ساتھ دوسرے اورپشاور کا 189اے کیو آئی کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ اجتماعی کاوشوں سے ہی ہر شہری کی زندگی کا تحفظ کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور کے انٹری پوائنٹس پر بھاری گاڑیوں کا داخلہ سختی سے بند ہے، گرین لاک ڈاﺅن ایریا میں کمرشل جنریٹرز کی انسپکشن اور پانی کا چھڑکا ﺅجاری ہے، عوام سے درخواست ہے کہ حکومتی اداروں سے تعاون کریں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم سب مل کر ہی ایک محفوظ اور صحت مند پنجاب کی بنیاد رکھ سکتے ہیں، حکومتی ہدایات پر عمل کریں اور ماحول دوست طرزِ زندگی اپنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر بھر میں اوقاتِ کار کی خلاف ورزی پر 52 دکانیں سیل کی گئیں، تحصیل ماڈل ٹاﺅن میں 5، تحصیل علامہ اقبال ٹاﺅن میں 11 دکانیں جبکہ تحصیل سٹی میں 10 دکانیں خلاف ورزی پر سیل کی گئیں۔تحصیل راوی میں جلو موڑ بازار، جی ٹی روڈ شاہدرہ اور ونڈالہ روڈ پر پابندیوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے 5 دکانیں سیل کی گئیں، تحصیل رائیونڈ میں 9، تحصیل واہگہ زون میں 5، تحصیل شالیمار میں 7 دکانیں سیل کی گئیں۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا ہے کہ عوام سے سموگ کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور مکمل تعاون کی اپیل ہے، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کو خاص طور پر سموگ کے مضر اثرات سے محفوظ رکھیں۔