پیشکش ہوئی احتجاج ملتوی کردیں سب ٹھیک ہو جائےگا،عمران خان

راولپنڈی،اسلام آباد: (بیورورپورٹ)سابق وزیرعظم عمران خان نے کہا ہے علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر گوہر کے ذریعے پیشکش آئی احتجاج ملتوی کر دیں تو سب ٹھیک ہو جائے گا۔

بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا اسلام آباد میں 24 نومبر کا احتجاج ملتوی کرنے کےلئے رہائی کی شرط پوری نہیں ہوئی، میں نے خود سمیت انڈر ٹرائل لوگوں کی رہائی کا مطالبہ رکھا تھا تاکہ مذاکرات کی سنجیدگی کا پتہ چل جائے، واضح ہو گیا حکومت مجھے مصروف کرکے معاملے کو طول دینا چاہتی ہے، یہ بھی واضح ہو گیا اصل طاقت کس کے پاس ہے ، 26 ویں آئینی ترمیم مکمل نافذ ہو گئی تو کہیں سے ریلیف نہیں ملے گا، حکومت کی نیت کا پتہ چل چکا ، احتجاج بھی ہوگا مذاکرات بھی چلتے رہیں گے، مذاکرات ہوں گے تو بات آگے چلے گی ۔

دریں اثنا انسداد دہشتگردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کا 28 ستمبر کے مقدمے میں 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا،انسداد دہشتگردی عدالت کے جج نے اڈیالہ جیل میں سابق وزیر اعظم کےخلاف 28 ستمبر کو راولپنڈی میں احتجاج پر اکسانے کے کیس پر سماعت کی۔

عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر اور حکومتی پراسیکیوٹر نے دلائل دئیے،عدالت نے پراسیکیوٹر کی جانب سے 15 دن کے ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے عمران خان کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لی۔

دوسری جانب توشہ خانہ ون کیس میں سزا کےخلاف بانی پی ٹی آئی ، بشریٰ کی اپیل پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی، عمران خان کی لیگل ٹیم نے توشہ خانہ ون کیس احتساب عدالت کو واپس بھیجنے کی مخالفت کر دی،بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ کی اپیلوں میں لیگل ٹیم نے میرٹ پر ہائی کورٹ کے سامنے ہی دلائل دینے کا فیصلہ کرلیا۔

مزید برآں توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان، سابق خاتون اول پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی،سابق خاتون اول کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی گئی،وکلاءصفائی نے مقدمہ کا ریکارڈ طلب کرنے کےلئے درخواست دائر کر دی ، ایف آئی اے پراسیکیوٹرز نے ریکارڈ پیش کرنے کےلئے وقت مانگ لیا۔

دریں اثنا الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کے کیس میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 17 دسمبر کو ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کر تے ہوئے کہاآئندہ سماعت پر شواہد و گواہوں کے بیان ریکارڈ کیے جائیں گے۔