ملکی ترقی صنعتوں کے فروغ بغیر ممکن نہیں،کمشنر ساہیوال
ساہیوال :(بیورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے ملکی ترقی صنعتوں کے فروغ اور مقامی صنعت کاروں کو سہولیات کی فراہمی کے بغیر ممکن نہیں، ملک سے بے روزگاری کے خاتمہ کےلئے ضروری ہے نجی شعبہ آگے آئے اور کاروبار کو فروغ دے کر نوجوانوں کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرے، ڈویژن میں ایگرو انڈسٹری لگانے کی بہت گنجائش ہے جس کےلئے ڈویژنل انتظامیہ ساہیوال چیمبر کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں ساہیوال چیمبر کی نومنتخب ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین سے ملاقات میں کہی جس کی قیادت صدر ساہیوال چیمبر شیخ عظمت سلیم کر رہے تھے۔
وفد میں سینئر نائب صدر چودھری ناصر حمید، نائب صدر شیخ شکیل احمد اور ممبران شیخ آصف، رانا صدیق، چودھری اجمل، عمران انیس، قیصر علی، سہیل سلیم، مدثر اقبال، مہر ثاقب رسول، یعقوب، شیخ رشید احمد ثاقب، نغمانہ اکمل اور چیمبر کے سیکرٹری جنرل طارق اعوان بھی شامل تھے۔
شعیب اقبال سید نے کہا ساہیوال میں ایک اور سمال انڈسٹریل سٹیٹ کے قیام کےلئے چیمبر کو بھرپور معاونت فراہم کی جائےگی تاکہ مزید صنعتوں کے قیام کو ممکن بنایا جا سکے، انہوں نے ساہیوال چیمبر کے اراکین پر زور دیا وہ علاقے کی ترقی اور بیروزگاری کے خاتمے کےلئے بھرپور سرمایہ کاری کریں۔
ساہیوال چیمبر کے صدر شیخ عظمت سلیم نے چیمبر کی طرف سے صنعت کاروں اور تاجروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا تاجر برادری کے مسائل حل کرنے میں ساہیوال چیمبر اہم کردار ادا کررہا ہے، انہوں نے مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی لینے پر کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید کا بھی شکریہ ادا کیا، شیخ عظمت سلیم نے نئی انڈسٹریل سٹیٹ کے قیام کے علاوہ تاجروں کو درپیش مقامی مسائل خصوصاً منڈیوں کی شہر سے باہر منتقلی کی طرف بھی توجہ دلائی اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی درخواست کی۔
سینئر نائب صدر چودھری ناصر حمید نے عارفوالا میں غلہ منڈی کی منتقلی ، دکانوں کی نئی نیلامی پر تحفظات سے آگاہ کیا جس پر کمشنر نے ہمددرانہ غور کا وعدہ کیا، شعیب اقبال سید نے کہاساہیوال ڈویژن آلو، مکئی، چاول اور گندم کی پیداوار میں ایک منفرد پہچان رکھتا ہے اس لئے ان فصلوں سے متعلقہ انڈسٹری کے قیام کے وسیع مواقع موجود ہیں تاکہ ویلیو ایڈڈ کےساتھ ان مصنوعات کو بیچا جا سکے، انہوں نے چیمبر کے وفد کی توجہ مختلف شہروں میں کرایہ داروں کی طرف سے دوکانوں کا کرایہ ادا نہ کرنے کی طرف دلائی اور کرایہ وصولی میں ساہیوال چیمبر کو اپنا کردار ادا کرنے کی ہدایت کی تاکہ کرایہ داری کا یہ دیرینہ مسئلہ خوش اسلوبی سے حل ہوسکے۔



















