مارکیٹس میں دکانداروں سے کرائے کی وصولی یقینی بنائی جائے: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) پسپ پروگرام کے تحت فریدٹاو¿ن روڈ اور کالج روڈ پر اسفالٹ کا کام 30نومبر تک مکمل کر لیا جائیگا جس سے شہریوں کو در پیش مشکلات بڑی حد تک دور ہو جائیں گی۔ شہر کی ان دونوں اہم سڑکوں پر سیوریج لائن ڈالنے کا کام پہلے ہی مکمل ہو چکا ہے۔ یہ بات سٹی منیجر پسپ اسجد خان نے کمشنر آفس میں منعقد پسپ پروگرام کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں بتائی جس کی صدارت کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کی۔ اجلاس میں ساہیوال ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سی ای او افتخار علی، ڈی جی پی ایچ اے اکرام ملک،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز عقیل اشفاق سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے ہدایت کی کہ فرید ٹاﺅن میں جاری سیوریج پائپ بچھانے کے کام کو تیز کیا جائے اور ساتھ ساتھ سڑک کی مرمت بھی جاری رکھی جائے۔ انہوں نے ڈ سپنسری روڈ غلہ منڈی میں صرف 300 فٹ جگہ عرصہ دراز سے مرمت نہ کرنے پر پسپ حکام سے ناراضگی کا اظہار کیا اور اسے فوری مکمل کرنے کی ہدایت کی۔دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے شہر کی مختلف مارکیٹوں میں دوکانداروں سے کرایہ وصولی کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کر دی، عرصہ دراز سے کرایہ نہ دینے والے دوکانداروں سے ہرصورت کرائے کی وصولی یقینی بنائی جائے،کمشنر ساہیوال۔ اپنے دفتر میں منعقدہ میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کنورژن فیس کی وصولی اور بس اڈوں سے ٹیکس کی وصولی بھی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد نے بتایا کہ دوکانداروں سے کرائے کی وصولی کی مد میں اب تک 4کروڑ59لاکھ 58ہزار روپے سے زائد وصولی ہو چکی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر ریکوری جاری ہے جبکہ مزدور پلی اور سرکی بازار مارکیٹوں سے مکمل کرایہ بالترتیب 10لاکھ59ہزار روپے اور13لاکھ20ہزار روپے وصول کیا جا چکا ہے۔ کمشنر نے اڈا فیس کی وصولی میں بہتری پر زور دیا اور کہاکہ بائی پاس سے گزرنے والی بسوں اور ویگنوں سے بھی اڈا فیس ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کمرشل مارکیٹوں میں تجاوزات کے خلاف مہم جاری رکھنے اور بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرنے کی ہدایت بھی کی۔