کچے میں آپریشن، دہشت گردوں، ڈاکوﺅں کیخلاف ڈرونز استعمال کرنے کا فیصلہ

لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب پولیس دہشت گردوں، ڈاکووں اور شر پسندوں کے خاتمے کیلئے پرعزم اور مسلسل مصروف عمل ہے، دشوار گزار، پہاڑی علاقوں، گنجان آبادیوں اور کچہ ایریاز میں ملک و سماج دشمن عناصر کے خلاف ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ ایمونیشن لے جانے اور گرانے والے ڈرون دہشت گرد و شر پسند عناصراورڈاکووں کے خلاف موثر کاروائیوں کا ذریعہ بننے کے ساتھ ساتھ لا اینڈ آرڈر کنٹرول، ٹریفک مینجمنٹ، سمارٹ پولیس کے حوالے سے ڈرونز ٹیکنالوجی بے حد معاون ثابت ہوسکتی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ ڈرونز کے ذریعے شر پسند عناصر کی نقل و حرکت کی مانیٹرنگ اور قلع قمع کیلئے پیشگی اقدامات کیے جا سکتے ہیں،ڈرون ٹیکنالوجی سے وسیع ایریا کی فضائی سرویلنس، سکیورٹی و ٹریفک اقدامات بھی یقینی بنانا ممکن ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ بین الصوبائی چوکیوں پر دہشت گردوں کے بڑھتے حملوں کے پیش نظر ڈرون ٹیکنالوجی کا حصول وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کچہ ایریا اور دریائی دلدلی علاقوں میں ڈاکووں اور شرپسندوں کے خاتمے کے لئے اسلحہ بردار ڈرونز کا حصول زیر غور ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں واہ انڈسٹریز لمیٹڈ کے اعلیٰ سطح کے وفدسے ملاقات کے دوران کیا۔چیف ٹیکنیکل آفیسر بریگیڈیئر (ر) خرم قادری، جنرل مینیجر سیلز ساجد محمود، سینئر مینیجر آپریشنز شیخ عبدالوہاب وفد میں شامل تھے،۔وفد نے آئی جی پنجاب کو ادارہ کے تیار کردہ مختلف ڈرونز اور ان کی صلاحیتوں بارے آگاہ کیا۔ آئی جی پنجاب نے وفد کو دہشت گردوں، ڈاکووں کے خلاف موثر کاروائی کیلئے فورس کی ضروریات سے آگاہ کیا اور جدید سرویلنس و مانیٹرنگ سسٹم اور اسلحہ سے لیس ڈرونز کے حصول میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ ایڈیشنل آئی جی لاجسٹکس ایڈیشنل پروکیورمنٹ عمران محمود، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر، اے آئی جی ڈویلپمنٹ اینڈ لاجسٹکس صاحبزادہ بلال عمر اور اے آئی جی پروکیورمنٹ کرار حسین اجلاس میں موجود تھے۔ ملاقات کے اختتام پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے وفد کو صوبے کے پولیس سٹیشنز کی اپ گریڈیشن پر مبنی کتاب ” تھانے پنجاب دے“ پیش کی۔دوسری طرف ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس شہداءکی فیملیز کی ویلفیئر کیلئے ایک اور احسن اقدام اٹھایا ہے جس کے تحت شہدائے پولیس کے اہل خانہ کے گھروں کی خریداری کیلئے محدود فنڈز کا مسئلہ حل ہوگیا ہے۔ آئی جی پنجاب کی خصوصی کاوش پر پنجاب کابینہ نے پولیس شہداءکے اہل خانہ کے گھروں کی خریداری کے فنڈز میں اضافہ کی منظوری دیدی ہے جس پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہید پیکیج کے تحت کانسٹیبل سے ڈی آئی جی رینک تک گھروں کے فنڈز میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔نئے پیکیج کے تحت کانسٹیبل سے ڈی آئی جی رینک کے افسران و اہلکاروں کے گھروں کی خریداری کیلئے سابقہ فنڈ میں 54 لاکھ سے 2 کروڑ روپے تک اضافہ کیا گیاہے، فنڈز میں اضافے سے شہداءکی فیملیز کیلئے اچھے گھروں کی خریداری میں مشکلات کا خاتمہ ہوجائیگا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہداءکی فیملیز کی مشکلات کا ازالہ کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اظہار تشکر کیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ فرض کی راہ میں جام شہادت نوش کرنے والے ہر پولیس افسر و اہلکار کی فیملی کو حکومت پنجاب گھر فراہم کرتی ہے۔ اسی سلسلے میں کانسٹیبل، ہیڈ کانسٹیبل کی فیملیز کے گھروں کی خریداری کیلئے فنڈ ایک کروڑ 35 لاکھ سے بڑھا کر ایک کروڑ 89 لاکھ کر دیا گیا ہے، اے ایس آئی، سب انسپکٹر کی فیملیز کے گھروں کی خریداری کیلئے فنڈ ایک کروڑ 75 لاکھ سے بڑھا کر 2 کروڑ 45 لاکھ کر دیا گیا ہے، انسپکٹر، ڈی ایس پیز کی فیملیز کے گھروں کی خریداری کیلئے اڑھائی کروڑ سے فنڈ بڑھا کر ساڑھے 3 کروڑ کر دیا گیا ہے، ایس پی، ایس ایس پیز کی فیملیز کے گھروں کی خریداری کیلئے 3 کروڑ سے فنڈ بڑھا کر 4 کروڑ 20 لاکھ کر دیا گیا ہے اورڈی آئی جی یا اس سے بالا عہدوں پر تعینات افسران کی فیملیز کے گھروں کی خریداری کیلئے فنڈ 5 کروڑ سے بڑھا کر 7 کروڑ کر دیا گیا ہے۔