محکمہ اوقاف جمعہ کو ”نمازِ استسقا“ کا اہتمام کرےگا: سیکرٹری اوقاف

لاہور (اپنے نمائندے سے) محکمہ اوقاف جمعہ کے روز، صوبہ بھر میں ”نماز ِ استسقا“کا اہتمام کریگا۔ نماز استسقا اجتماعی توبہ، استغفار اور بارانِ رحمت کی طلب کا ذریعہ ہے جس سے سموگ کے اثرات کم ہوں گے۔ سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہررضابخاری نے کہا کہ محراب ومنبر حفظانِ صحت کے اصولوں کی ترویج و تبلیغ کیلئے مستعد ہے۔خطے کو موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی یونٹو ں کا دھواں، ہیوی ٹرانسپورٹ کی بہتاب، دھواں چھوڑتی گاڑیاں، اینٹوں کے بھٹوں کا دھواں،فصلوں کی تلفی جیسے عوامل کا تدارک اورانڈسٹری کو جدیدی ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے سموگ سے نجات پانے کیلئے جامع منصوبہ بندی کر لی ہے۔ یہ ایکشن پلان 16 نکات پر مشتمل ہوگا جس میں 20 سال سے زائد پرانی گاڑیوں کی تبدیلی سمیت دیگر اقدامات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سموگ دھند اور دھوئیں کا امتزاج ہے۔ یہ اکتوبر سے شروع ہوکر دسمبر تک جاتا ہے۔ موسم سرد ہونے کے سبب ہواں کی رفتار سست ہوجاتی ہے اسلئے دھوئیں کے آگے بڑھنے کے امکان نہ ہونے کے برابر ہوجاتے ہیں۔اس کی بڑی وجہ خطے میں چاولوں کی فصل کی کٹائی کے بعد، نئی فصل کی تیاری کیلئے پرانی فصل کی باقیات کی تلفی ہے جس کیلئے زرعی زمینوں میں آگ لگانے کا طریقہ رائج ہے، جس میں کبھی لاہور، کبھی ملتان اور کبھی دہلی پہلے نمبر پر آتاہے۔ پرانے وقتوں میں دہلی سے پشاور تک کا پورا علاقہ پنجاب ہی ہوتاتھا اور اس کا کلچر بھی ایک ہی جیسا تھا، جہاں ان دنوں چاولوں کی کٹائی مکمل ہورہی ہے۔ واضح رہے کہ ایئر کوالٹی انڈیکس کا معیار50 تک ہونا صحت مند فضا کی نشاندہی کرتا ہے، جبکہ لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس کے اشاریے، اس ماہ باربارایک ہزار کے عددسے بھی اوپر گزرچکے ہیں، مزید یہ کہ ایئر کوالٹی انڈیکس کی 300 سے اوپر کی حد انسانی صحت کیلئے خطرناک سمجھی جاتی ہے۔