ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے ریونیو سٹاف پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں سرانجام دیں تاکہ عوام کے ریونیو سے متعلقہ مسائل کوحل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ان عوامی مسائل کے حل کیلئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں جن میں اراضی ریکارڈ کی ڈیجیٹیلائزیشن اور مشترکہ کھاتوں کی تقسیم بھی شامل ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے دفتر میں پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کی جانب سے عوام کی سہولت کے پیش نظر نائب تحصیلداران کو رجسٹری کرنے کے اختیارات دینے کے سلسلے میں ہونے والی ٹریننگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ٹریننگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اعتزاز اسلم مارتھ، ایس این اے خرم سلیم سمیت نائب تحصیداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ ٹریننگ کا مقصد شہریوں کو سرکاری دفاتر کے بار بار چکر سے بچانا ہے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ دفاتر آنے والے شہریوں سے خوش اسلوبی سے پیش آئیں اور انکے مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ نائب تحصیلداروں کو رجسٹری کے اختیارات دینے سے عوام کیلئے آسانی پیدا ہوگی اور انہیں سب رجسٹرار کے دفتر کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے۔
نائب تحصیلداروں کو رجسٹری کے اختیارات دینے سے عوام کیلئے آسانی پیدا ہوگی :کمشنر ساہیوال



















