کاشتکاروں کےلئے اربوں کا ریکارڈ انعامی پیکیج،ہزاروں مفت گرین ٹریکٹر ، لینڈ لیولرز کاتحفہ
لاہور: ( اپنے رپورٹر سے)”کسان خوشحال ،پنجاب خوشحال“ ویژن کے تحت پنجاب میں گندم کی زیادہ پیداوار کے حصول کےلئے وزیراعلیٰ مریم نواز کی طرف سے گندم کے کاشتکاروں کےلئے اربوں روپے کا تاریخی اور ریکارڈ انعامی پیکیج پیش کیاگیا،وزیراعلیٰ نے تاریخ میں پہلی مرتبہ گندم کے کاشتکاروں کےلئے ہزاروں مفت گرین ٹریکٹر اور لینڈ لیولرز دینے کا اعلان کیا ۔
مریم نواز کے اعلان کے مطابق پنجاب میں ساڑھے 12 تا 25ایکٹر رقبے پر گندم کاشت کرنےوالے کسانوں کےلئے 1000لینڈ لیولرز مفت دئیے جائیں گے ،طرح پنجاب بھر میں 25ایکڑ سے زائد رقبہ پر کاشت کرنیوالے کسانوں کو 1000گرین ٹریکٹر بالکل مفت ملیںگے، گندم کے کاشتکاروں کو گرین ٹریکٹر اور لینڈ لیولرز بذریعہ قرعہ ا ندازی دئےے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا پنجاب کے کاشتکار کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،پورا ساتھ دیں گے، کاشتکار ہمارے بھائی ہیں، کاشتکاروں کی ترقی کےلئے تمام ممکنہ اقدامات کریں گے،پنجاب میں کاشتکار کی خوشحالی اور زراعت کی بحالی ترجیح ہے، گندم کی کاشت کےلئے کاشتکاروں کو پنجاب کسان کارڈ کے ذریعے بلاسود معیاری بیج،کھاد اور پیسٹی سائیڈ مہیا کی جارہی ہیں،چند ماہ میں کاشتکاروں کےلئے ریکارڈ پراجیکٹ شروع کئے،تاریخ میں مثال نہیں ملتی، پنجاب بھر کے کسان وزیراعلیٰ کی مفت گرین ٹریکٹر ،لینڈلیولرز پراجیکٹ کی تفصیلات کےلئے ایگری کلچرل ہیلپ لائن0800-17000پر کال کر سکتے ہیں، گندم کے کاشتکار مفت گرین ٹریکٹر اور لینڈلیولرزکےلئے ایگری کلچر کی ویب سائٹ اور فیس بک پر رجوع کر سکتے ہیں،گندم کے کاشتکار متعلقہ محکمہ زراعت توسیع آفس سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔
ادھر پنجاب حکومت نے مزید 19شہروں میں سیف سٹی کیمرے لگانے کی منظوری دےدی،سیف سٹیز حکام کے مطابق 19شہروں میں لودھراں، بہاولنگر، جہلم، وہاڑی، لیہ، تونسہ، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ و دیگرشامل ہیں، 19شہروں میں 5ہزار سے زائد کیمروں کی تنصیب کی جائے گی، تمام شہروں کے کیمروں کی سینٹرلائزڈ مانیٹرنگ ہیڈ کوارٹر سے ہوگی،لاہور کےساتھ ساتھ دیگر شہروں کے کیمروں سے مانیٹرنگ کےلئے اضافی ویڈیو وال بنائی جائے گی، کیمروں کی نیٹ ورکنگ پر سوا 5 ارب روپے کے اخراجات آئیں گے، جون 2025 تک 19شہروں میں کیمروں کی تنصیب کرلی جائےگی۔
سیف سٹیز حکام کے مطابق پہلے مرحلے میں شیخوپورہ، راولپنڈی، سیالکوٹ، گجرات، مریدکے، گوجرانوالہ سمیت18 شہروں میں کیمروں کی تنصیب جاری ہے، متعدد شہروں میں کیمرے فعال ہوچکے ہیں جبکہ باقی ماندہ کوجلد مکمل کر کے منصوبے کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائےگاجبکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے آسٹریلیا کیخلاف ایڈیلیڈ میں 28 سال بعد ون ڈے میچ میں فتح پر مبارکباد دی ہے، مریم نواز نے قومی کرکٹ ٹیم کو شاباش دی اور حارث روف،صائم ایوب اور عبداللہ شفیق کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا امید ہے پاکستانی کرکٹ ٹیم فتح کا تسلسل برقرار رکھے گی۔



















