لاہور (اپنے رپورٹر سے) آلودگی کے اعتبار سے لاہور دنیا میں دوسرے نمبر پر برقرار رہا ،شہر میں سموگ کی اوسط شرح 208 ریکارڈ کی گئی ،سموگ سے نمٹنے کیلئے گرین لاک ڈاﺅن کے تحت لاہور کے اہم علاقوں میں اقدامات شروع کر دیئے گئے، سموگ کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر لاہور میں تعلیمی اداروں کو 3روز جمعہ، ہفتہ، اتوار چھٹی دینے اور اوقات کار میں تبدیلی پر غور کیا جا رہا ہے جبکہ پنجاب بھر میں فصلوں کی باقیات، کوڑا کرکٹ اور ٹائرجلانے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور دنیا بھر میں دوسرے جبکہ ملک میں پہلے نمبر پر رہا ۔صوبائی دارالحکومت میں اوسط ائیر کوالٹی کی شرح 208 ریکارڈ کی گئی ۔شملہ پہاڑی 170، ٹاﺅن ہال 209، پنجاب یونیورسٹی 199، یو ایس قونصلیٹ 322، یو ایم ٹی 277اور جیل روڈ پر 246 ریکارڈ کی گئی۔ سموگ کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر لاہور میں تعلیمی اداروں کو 3 روز جمعہ، ہفتہ، اتوار چھٹی دینے اور اوقات کار میں تبدیلی پر غور کیا جا رہا ہے۔علاوہ ازیں پنجاب بھر میں انسداد سموگ کے تحت فصلوں کی باقیات، کوڑا کرکٹ اور ٹائر جلانے پر پابندی عائد کر دی گئی۔سموگ کے پیش نظر پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے تمام ڈی سیز کو ریلیف کمشنرز کے اختیارات سونپ دئیے، ڈی سیز کو سموگ کنٹرول کرنے کیلئے ضروری و ہنگامی اقدامات کرنے کے احکامات دیئے گئے ہیں، سموگ کو آفت قرار دیتے ہوئے پی ڈی ایم اے نے تمام ڈی سیز کو ریلیف کمشنرز کے اختیارات دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق انسداد سموگ کیلئے فصلوں کی باقیات جلانے پر پابندی ہو گی، سالڈ ویسٹ، کوڑا کرکٹ، شاپنگ بیگز، ٹائر اور پلاسٹک جلانے پر پابندی ہو گی، غیرمعیاری ایندھن کی فروخت اور استعمال پر بھی پابندی ہو گی، ٹریفک رکاوٹ کا باعث بننے والی پارکنگز کا خاتمہ کیا جائیگا۔اس کے علاوہ پانی کے بغیر سٹون کرشرز کے استعمال پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، ڈی سیز سڑکوں سے تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنائیں گے۔
آلودگی میں لاہور کا دنیا میں دوسرا نمبر برقرار، تعلیمی اداروں کو 3 روز چھٹی، اوقات میں تبدیلی پر غور



















