پنجاب کے بعد کے پی نے بھی فساد پارٹی کو مسترد کر دیا ‘عظمیٰ بخاری

لاہور :(اپنے رپورٹر سے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے پنجاب کے بعد کے پی نے بھی فساد پارٹی کو مسترد کر دیا،صوبے کے بلدیاتی انتخابات فتنہ جماعت کی آنکھیں کھولنے کےلئے کافی ہیں،گنڈا پور جلد لیڈر کے پاس جائےگا، پنجاب میں اشیائے خوردو نوش کی قیمتیں دوسرے صوبوں کی نسبت سب سے کم ہیں،پنجاب میں صرف مہنگائی ہی نہیں ،جرائم میں بھی نمایاں کمی آئی ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس اور علی امین گنڈا پور کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔

عظمیٰ بخاری نے کہاپاکستان کی سب سے خوش قسمت صوبائی وزیر اطلاعات ہوں جس کے پاس اپنی وزیر اعلیٰ کی کارکردگی بتانے کیلئے بہت کچھ ہوتا ہے،اپنی چھت اپنا گھر پنجاب حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے ،2سے اڑھائی ماہ میں مکمل ہوا،اپنا گھر تعمیر کرنے والوں 15لاکھ روپے مل رہے ہیں، مریم نوازوعدے ہی نہیں کرتیں بلکہ عمل بھی کر کے دکھاتی ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا پنجاب میں بنیادی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کےلئے علیحدہ محکمہ بنایا گیا جو24گھنٹے قیمتوں پر نظر رکھے گا اور حکومت کو طلب و رسد پر بر وقت مطلع کریگا،منڈیوں میں لگنے والی بولیوں کو وزیر اعلیٰ خود مانیٹر کرتی ہیں،نتیجہ یہ ہے پنجاب میں آلو، ٹماٹر، پیاز، دودھ اور دالیں سب سے کم قیمت پر فروخت ہو رہی ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا تحریک فساد نے 26اضلاع میں ایکس کے ذریعے احتجاج کی کال دی ،11اضلاع میں صرف 40سے 50لوگ جمع ہوئے، فتنہ پارٹی جب بھی احتجاج کی کال دیتی منہ کی کھانا پڑتی ہے،سموگ کے تدارک کےلئے پنجاب بھر میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف اور فصلوں کی باقیات جلانے پر مقدمات درج ہو رہے ہیں، ہوائیں کنٹرول کرنا بہت مشکل ہے مگر پنجاب حکومت ماحول کو صاف رکھنے کیلئے تمام ممکن اقدامات کر رہی ہے،26 ویں ترمیم پر پی ٹی آئی نے منافقت کی تمام حدیں پار کیں،کمیٹی میں موجود رہے اگر پارلیمانی کمیٹی میں شرکت نہیں کرنی تھی تو نام کیوں دیئے؟فساد پارٹی نے کسی پریشر میں آکرنام واپس لئے۔

وزیر اطلاعات نے کہا علی امین گنڈا پور کا لیڈر مریم نواز کے بغض میں جلتے جلتے جیل پہنچ گیا، عنقریب وزیراعلیٰ کے پی بھی اپنے لیڈر کے پاس جائےگا،گنڈا پور کو اپنی کارکردگی بتاتے نہ سہی مریم نواز کا نام لیتے ہی شرم آنی چاہیے، مجھے ان کی فیملی خواتین پر ترس آتا ہے جو گنڈا پور جیسے شخص کو برداشت کرتی ہیں، آپ مریم نواز سے کارکردگی میں مقابلہ کریں زبان درازی ہمیں نہیں آتی، ہر ہفتے وفاق پر چڑھائی کرنے کا آپ کو کنٹریکٹ ملا ہوا ہے،تم اپنے پارٹی کارکنوں کو بھیڑ بکریوں کی طرح شیلنگ ، ڈنڈوں کے رحم و کرم پر چھوڑ کر بھاگنے والے بزدل ہو،کے پی حکومت کی ترجیح عام آدمی نہیں بلکہ جلا و گھیراو، مار دھاڑ، فتنہ فساد اور انتشار پیدا کرنا ہے۔