آئینی ترمیم قومی اتحاد کا بے مثال مظہر،ججز اب من پسند فیصلے نہیں کرسکتے،گورنر پنجاب

لاہور: ( سٹاف رپورٹر)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے 26ویں آئینی ترمیم منظور ہونا عوام کےلئے خوشی کاموقع ہے، لوگوں کو جلد انصاف مہیا ہوگا،آئینی ترمیم کی بنیاد کوئی ڈیل نہیں سیاسی جماعتوں کا متفقہ فیصلہ ہے اب ججز من پسند فیصلے نہیں کرسکتے، ایگزیکٹو کے معاملات میں عدلیہ کا دخل نہیں ہونا چاہیے، پی ٹی آئی پارلیمانی کمیٹی میں شامل نہیں ہوئی ،اچھا تاثر نہیں جائے گا،ان خیالات کااظہار انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

سردار سلیم حیدر نے کہا26ویں آئینی ترمیم بڑی محنت ،جدوجہدکے بعد پارلیمنٹ سے منظور ہوئی ، صدر مملکت آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف ،چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری، فضل الرحمن سمیت تمام سیاسی جماعتوں نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ،تمام سٹیک ہولڈرز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،ترمیم سے آئینی خرابیاں دور کی گئیں،تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی گئی تاکہ اختلافات کی گنجائش باقی نہ رہے، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ مفاہمتی سیاست کو فروغ دیا۔

دریں اثنا گورنر پنجاب سے کراچی گڈز کیریئر ایسوسی ایشن کے وفدنے ملاقات کی،سردار سلیم حیدر نے گڈز ٹرانسپورٹ کو درپیش مسائل سنے اور متعلقہ حکام تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔