علیمہ،عظمیٰ خان کے مزید ریمانڈ کی استدعا مسترد، جیل منتقل

اسلام آباد،جہلم:(بیورورپورٹ)ڈی چوک احتجاج کیس میں علیمہ،عظمیٰ خان کے مزید ریمانڈ کی استدعا مسترد،عدالت نے جیل بھیج دیا۔

اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے کیس پر سماعت کی،جج نے وکلائے صفائی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کیا عدالت ایک یو ایس بی کے ریکارڈ پر انحصار کر سکتی ہے؟ آپ نے یو ایس بی پولیس یا تفتیشی افسر کو دی؟ میں جسمانی ریمانڈ میں توسیع کر دیتا ہوں، پولیس یو ایس بی کو چیک کر لیتی ہے،وکیل عثمان گل کی جانب سے یو ایس بی میں موجود ویڈیو عدالت میں چلانے کی استدعا کی گئی،جج طاہر عباس سپرا نے یو ایس بی میں موجود فوٹیجز کمرہ عدالت میں چلانے کی استدعا مسترد کر دی،وکیل عثمان گل نے کہا میرے دلائل یو ایس بی میں موجود فوٹیجز پر منحصر ہیں۔

جج طاہر عباس سپرا نے پراسیکیوٹر راجہ نوید سے استفسار کیا آپ کو ریمانڈ کیوں چاہیے؟ علیمہ ،عظمیٰ خان سے 8 روز میں کیا برآمدگی کی؟ ، پراسیکیوٹر نے کہا اداروں کےخلاف سازش تک پہنچنے کےلئے مزید جسمانی ریمانڈ چاہیے، عظمیٰ ،علیمہ خان سے بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرنا ہے،جج طاہر عباس سپرا نے علیمہ خان کو روکتے ہوئے کہا میں آپ کو بولنے کا وقت دوں گا،جج نے پراسیکیوٹر سے کہا جتنا جسمانی ریمانڈ لیں گے اتنا ریکارڈ لکھنا ہو گا،جج طاہر عباس سپرا نے علیمہ خان سے کہا آپ کیا کہنا چاہتی ہیں؟ ،علیمہ خان نے کہا جج صاحب صرف انصاف چاہیے،عدالت نے علیمہ ،عظمیٰ خان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر تے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

دوسری جانب ڈی چوک احتجاج کیس میں علیمہ ،عظمیٰ خان نے اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں درخواست ضمانت دائر کر دی،ڈیوٹی جج طاہر عباس سپرا نے 19 اکتوبر کو پراسیکیوشن سے ریکارڈ اوردلائل طلب کر لیے۔

بعدازاںبانی پی ٹی آئی عمران خان کی دونوں بہنوں کو راولپنڈی سے سخت سکیورٹی میں جہلم جیل منتقل کردیا گیا۔