لاہور (اپنے رپورٹر سے) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کاربن کنسلٹینٹ ورلڈ بینک مسٹر مورٹن سے ملاقات کی۔اس موقع پر گرین کاربن کریڈٹ، انڈسٹریل ایمشن کنٹرول سسٹم،ڈویلپمنٹ ڈومیسٹک کاربن کریڈٹ اور انسداد سموگ پروگرام بارے اہم اقدامات سے متعلق دوطرفہ بات چیت کی گئی۔سینئر صوبائی وزیرمریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز اپنی عوام کو سموگ کے منفی اثرات سے بچانے کیلئے چھ ماہ سے پیشگی اقدامات کررہی ہیں۔پنجاب اس وقت ٹرانزیشن فیز سے گزررہا ہے،ایئرکوالٹی انڈیکس میں بہتری کیلئے سولرائیزیشن،ای بسز،بائیکس اور رکشہ کے استعمال پرفوکس ہے۔مریم نواز شریف انرجی،ٹرانسپورٹ اورجنگلات کی ترقی پر سرمایہ کاری کی خواہاں ہے۔انہوں نے کہاکہ آسٹریلین فرم کی معاونت سے فصلوں کی باقیات کی ماحول دوست تلفی کیلئے بائیوریفائنری1پر بھی بات چیت جاری ہے۔پنجاب کلائمیٹ پالیسی وفریم ورک کی تشکیل کے بعد پنجاب حکومت عملدرآمد کے مرحلے میں داخل ہوکر آلودگی کے خاتمے کیلئے ہردم کوشاں ہے۔سموگ اہل پنجاب کیلئے ہر لحاظ سے چیلنج ہے،دیگر ترقی یافتہ ممالک کے کامیاب تجربوں سے فائدہ اٹھارہے ہیں۔وفد نے مریم نواز شریف کے پنجاب میں کئے گئے انسداد سموگ اقدامات بارے ان کی شاندار عملی بصیرت اورحکمت عملی کی تعریف کی۔مریم اورنگزیب نے ورلڈ بینک کے نمائندہ کی آمد اورتعاون پر یقین دہانی کا شکریہ ادا کیا۔
پنجاب حکومت ماحولیاتی آلودگی کے مکمل خاتمے کیلئے سرگرم عمل ہے: مریم اورنگزیب



















