اسلام آباد میں سرکاری اہلکاروں پر تشدد ثابت ہوا تو سخت کارروائی کرینگے،گنڈا پور

پشاور:(بیورورپورٹ) وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے کہااسلام آباد میںسرکاری اہلکاروں پر تشدد ہوا تو سخت کارروائی کریں گے۔

کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہااسلام آباد میں پر امن احتجاج کےساتھ جو کچھ ہوا ناقابل برداشت ہے، باوردی پولیس والوں ،ریسکیو اہلکاروں کو غیر قانونی حراست میں لیا گیا اگر اسلام آباد پولیس اور انتظامیہ کی طرف سے تشدد ثابت ہوا تو سخت کارروائی کریں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہاریسکیو کی مشینری کو بھی غیر قانونی طور پر قبضے میں لے لیا گیا ، بحیثیت وزیر اعلیٰ میں جہاں جاوں گا، میرے ساتھ اہلکار و دیگر درکار مشینری ساتھ جائے گی،کے پی ہاو¿س اسلام آباد میں فسطائیت کی گئی، غیر قانونی طور پر املاک کو توڑا گیا، قانونی چارہ جوئی کےلئے مشاورت کرکے لائحہ عمل طے کریں گے، کے پی ہاوس میں ہونےوالے نقصانات کا تخمینہ لگانے کےلئے کمیٹی تشکیل دےدی،وفاقی حکومت کی طرف سے فسطائیت اور غیر قانونی اقدامات ناقابل برداشت ہیں، اٹھارہویں ترمیم کے تحت صوبے کی خود مختاری اور آئینی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

مزید برآں خیبرپختونخوا کابینہ نے پولیس ایکٹ میں ترامیم کی منظوری دےدی،صوبے میں 2017 میں اختیارات وزیراعلیٰ سے آئی جی پولیس کو منتقل کیے گئے تھے،ترمیم کی منظوری کے بعد اختیارات دوبارہ وزیراعلیٰ کو منتقل گئے،پولیس ایکٹ میں ترامیم کے بعد خیبر پختونخوا میں آئی جی سے اعلیٰ پولیس افسروں کی تقرری وتبادلوں اور سزا دینے کا اختیار واپس لے لیا گیا۔