علی امین گنڈاپور نے دوسرے صوبے پر چڑھائی کرکے آئین سے انحراف کیا :رانا تنویر حسین

مریدکے(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر صنعت و پیداوار راناتنویر حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور نے دوسرے صوبے پر چڑھائی کرکے آئین سے انحراف کیاہے اور وہ اس کا خمیازہ بھگتیں گے۔انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر سیاسی جماعت کا حق مگر پر تشدد سوچ کا خاتمہ ضروری ہوچکا ہے۔ وفاقی پارلیما نی سیکرٹری رانا احمد عتیق انور اور کوارڈی نیٹر رانا حسیب عامر کے ہمراہ مریدکے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی یہودی اور بھارتی لابی کے ایجنٹ کے طور پر کام کررہی ہے جسے اپنے اعمال پر تھوڑی سی بھی شرمندگی نہیں ہے،انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اپنے کارکنوں کی لاشوں کی تلاش میں ہیں مگر ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بہترین حکمت عملی سے ان کی کوشش ناکام بنا دی۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ عوام جان چکے ہیں کہ پی ٹی آئی مستقبل ختم ہو چکاہے اور وہ سیاسی جماعت سے عسکری جماعت کا روپ دھار چکی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ روز اسلام آباد پر افغانی شہری نہیں دہشت گرد حملہ آور ہوئے ہیں جنہیں سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ایک سوال کے جواب میں رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ آئین کی 63-A کے پہلے فیصلے پر حیران اور معترض تھا مگر سپریم کورٹ کے نظر ثانی فیصلے نے عدلیہ کی عزت بحال کردی جس کو سراہا جانا چاہئے۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور مولانا فضل الرحمن آئینی عدالت کے معاملے پر متفق رہے ہیں اور ان کا موجودہ اعتراض بلاجواز ہے۔ وفاقی وزیر صنعت و پیداوار نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن ہمارے مہربان ہیں جو خود بھی اس کا مطالبہ کرتے رہے ہیں اور اب بھی ہم ان کے اعتراضات دور کرنے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ مولانا اگر ہمارے موقف پر متفق ہیں تو انہیں آئینی ترامیم پر فوری ہمارا ساتھ دینا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے نظر ثانی فیصلے کو سیاسی نہیں آئینی اور قانونی نظر سے دیکھا جائے اور اسے متنازعہ بنایا جائے۔